سعودی وزارت اسلامی امور نے رواں سال ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت عمرہ زائرین کے پہلے گروپ کے خیر مقدم کی تیاریاں مکمل کر لیں۔
شاہی ضیافت میں عمرہ زائرین کا پہلا گروپ8 جولائی کو مدینہ منورہ پہنچے گا

مزید خبریں
ریاض۔6جولائی (اے پی پی):سعودی وزارت اسلامی امور نے رواں سال ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت عمرہ زائرین کے پہلے گروپ کے خیر مقدم کی تیاریاں مکمل کر لیں۔ اردو نیوز کے مطابق وزارت اسلامی امور نے بتایا ہے کہ 16 ایشیائی ممالک کے 250 افراد پر مشتمل پہلا گروپ 8 جولائی کو مدینہ منورہ پہنچے گا۔ پہلے گروپ میں انڈونیشیا، فلپائن، ملائیشیا، کمبوڈیا، تھائی لینڈ، ویتنام، میانمار، لاوس، مشرقی تیمور، سنگا پور، چین، جاپان، جنوبی کوریا، ہانگ کانگ، تائیوان اور منگولیا کے عمرہ زائرین شامل ہیں۔ وزارت اسلامی امور نے عمرہ زائرین کے لیے ایک متنوع پروگرام تیار کیا ہے، جس میں مکہ مکرمہ آمد سے قبل مسجد نبوی کی زیارت، مدینہ منورہ کے تاریخی اور اسلامی مقامات کے دورے شامل ہیں۔ سعودی وزیر اسلامی امور اور شاہی ضیافت پروگرام کے نگران اعلی شیخ عبد اللطیف آل الشیخ نے بتایا کہ شاہی ضیافت پروگرام کے آغاز سے اب تک 140 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کی میزبانی کی جا چکی ہے۔ یاد رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ذاتی خرچ پر مختلف ممالک سے ایک ہزار افراد کو عمرہ کرانے کی منظوری دی ہے۔ ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت مختلف مراحل میں شاہی مہمان سعودی عرب پہنچیں گے۔








