شاہ سلمان کی زیر صدارت سعودی کابینہ کا اجلاس، مملکت کی سلامتی و استحکام اور شہری تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا

سعودی عرب کی کابینہ نے مملکت کی سلامتی و استحکام اور شہری تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):سعودی عرب کی کابینہ نے مملکت کی سلامتی و استحکام اور شہری تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، کابینہ کا اجلاس جدہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں وطن کے دفاع، اس کے اثاثوں اور وسائل کے تحفظ میں مسلح افواج کی اعلیٰ صلاحیتوں کی تعریف کی گئی ۔ایس پی اے کے مطابق اجلاس میں حج سیزن کی تیاریوں کی صورتحال اور پلگرم ایکسپیرینس پرو گرام کی کامیابیوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزارت داخلہ اور دیگر سرکاری اداروں کی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔ مسلسل آٹھویں سال مکہ روٹ انیشیٹیو پر عملدرآمد کے ذریعے عازمین حج کی آمد آسان بنانے میں مدد دی گئی، اب تک 1.2 ملین عازمین حج کو اس سے فائدہ پہنچا ہے۔یہ پروگرام دس ملکوں کے 17 ایئر پورٹس تک پھیل چکا ہے جو عازمین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مملکت کی کوششوں کو ظاہر کرتا ہے۔کابینہ کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے امارات کے صدر اور امیر قطر سے ہونے والے ٹیلی فونک رابطوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا جن میں تعاون کے شعبوں پر بات اور خطے میں سلامتی اور استحکام مضبوط بنانے کے لیے کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بیان میں وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے بتایا کہ کابینہ نے ریاض میں منعقدہ جی سی سی وزرائے داخلہ کے ہنگامی اجلاس کے نتائج کی بھی تعریف کی جس میں اس بات کو دہرایا گیا کہ خلیجی ریاستوں کی سلامتی غیرمتزلزل ہے، خطے میں موجودہ چیلنجوں اور صورتحال سے نمٹنے کے لیے کوآرڈینیشن کو مضبوط بنانے کیے اہمیت پر زور دیا گیا۔کابینہ نے سعودی ۔ سپینش سٹریٹجک پارٹنر شپ کونسل کے قیام کو تعلقات کے فروغ ، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے افق کی وسعت کی جانب اہم قدم قرار دیا۔کابینہ نے انٹرنیشنل سائنس و انجینئرنگ فیئر (آئی ایس ای ایف) میں 24 ایوارڈز جیتنے پر سعودی طلبہ کی تعریف کی۔اجلاس نے ایجنڈے میں شامل دیگر نکات کا بھی جائزہ لیا اور متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی ۔

مزید خبریں