شاہ محمود قریشی کاسعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات میں اظہار خیال

اسلام آباد ۔ 26 دسمبر (اے پی پی) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے اور دیرینہ دوطرفہ تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت میں اضافے، معاشی، سکیورٹی و دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے اورپارلیمانی وفود کے تبادلوں سمیت باہمی مفاد کے امور پر توجہ مرکوز کرنے پر زوردیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزارت خارجہ میں سعودی …

اسلام آباد ۔ 26 دسمبر (اے پی پی) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے اور دیرینہ دوطرفہ تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت میں اضافے، معاشی، سکیورٹی و دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے اورپارلیمانی وفود کے تبادلوں سمیت باہمی مفاد کے امور پر توجہ مرکوز کرنے پر زوردیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزارت خارجہ میں سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اولین دورہ پر پاکستان آمد پر سعودی عرب کے وزیرخارجہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ دونوں رہنماوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوﺅں پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور خطے میں وقوع پزیر پیش ہائے رفت پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے اور دیرینہ دوطرفہ تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے دس اور گیارہ دسمبر دوہزار انیس کو سعودی عرب کے اپنے حالیہ دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے سعودی حکومت کی جانب سے پرتپاک میزبانی پر سعودی وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوںنے دوطرفہ تجارت میں اضافے، معاشی، سکیورٹی و دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے، پارلیمانی وفود کے تبادلوں سمیت باہمی مفاد کے امور پر توجہ مرکوز کرنے پر زوردیا۔ وزیرخارجہ نے خاص طورپر پیٹروکیمیکل، کان کنی ، معدنیات اور توانائی کے شعبہ جات میں سعودی سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی حجاج کرام کی سہولت کے لئے ’روڈ ٹو مکہ‘ منصوبہ کا دائرہ پاکستان کے دیگر شہروں تک وسیع کیاجائے گا۔ وزیرخارجہ نے پانچ اگست دوہزار انیس کو بھارتی حکومت کے یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات کے نتیجے میں بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیدا ہونے والی مخدوش صورتحال پر بھی تفصیلی اظہارخیال کیا۔ انہوں نے بھارتی حکومت کے شہریت سے متعلق قانون2019ءاور اس کے ذریعے بھارت میں بسنے والی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو منظم انداز میں نشانہ بنانے سے متعلق بھارتی حکومت کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیرخارجہ نے اوآئی سی رابطہ گروپ برائے جموں وکشمیر میں حمایت پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل نے کہاکہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی دیرینہ اور سٹرٹیجک تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے سعودی قیادت کی جانب سے خطے میں امن واستحکام برقرار رکھنے میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب ایک مضبوط، خوشحال اور کامیاب پاکستان کے عزم پر کاربند ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تمام شعبہ جات میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے سعودی قیادت کے عزم و ارادے کا اعادہ کیا۔ دونوں وزراءخارجہ نے مسئلہ کشمیر میں پیشرفت سے متعلق اوآئی سی کے کردار پر بھی گفتگو کی۔د ونوں وزرائے خارجہ کی قبل ازیں ریاض میں ملاقات ہوئی تھی۔ سعودی وزیرخارجہ کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان فروغ پاتے دوطرفہ تعلقات کا مظہر ہے اوردونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان اعلی سطحی دوروں کے تسلسل کا حصہ ہے۔ وزیرخارجہ نے سعودی معزز مہمان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔بعد ازاں سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل نے وزیراعظم سے بھی ملاقات کی۔

مزید خبریں