چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ شطرنج ایک لازوال اور فکری کھیل ہے جو تنقیدی سوچ، نظم و ضبط، صبر، بردباری اور باہمی احترام جیسی اعلیٰ اقدار کو فروغ دیتا ہے جبکہ مختلف اقوام اور معاشروں کے درمیان امن، شمولیت اور باہمی افہام و تفہیم کو بھی مضبوط بناتا ہے۔
شطرنج ایک لازوال اور فکری کھیل ہے جو تنقیدی سوچ، نظم و ضبط، صبر، بردباری اور باہمی احترام جیسی اعلیٰ اقدار کو فروغ دیتا ہے، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔20جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ شطرنج ایک لازوال اور فکری کھیل ہے جو تنقیدی سوچ، نظم و ضبط، صبر، بردباری اور باہمی احترام جیسی اعلیٰ اقدار کو فروغ دیتا ہے جبکہ مختلف اقوام اور معاشروں کے درمیان امن، شمولیت اور باہمی افہام و تفہیم کو بھی مضبوط بناتا ہے۔ شطرنج کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شطرنج عمر، جنس، زبان اور سماجی حیثیت کی تمام حدود سے بالاتر ہو کر لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کا ذریعہ ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ تعلیم، نوجوانوں کی ذہنی و فکری نشوونما اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں ایک موثر کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شطرنج کی بنیادی اقدار اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف بالخصوص معیاری تعلیم، صنفی مساوات اور پرامن معاشروں کے قیام سے مکمل ہم آہنگ ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نوجوان نسل کو بااختیار بنانے، قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے اور ایک زیادہ جامع، ترقی یافتہ اور پرامن پاکستان کی تعمیر کے لیے کھیلوں اور فکری و تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کی ہر ممکن حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی۔








