شمال مشرقی بلوچستان ، ڈی جی خان کے پہاڑی ندی نالوں اور زیریں خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کے باعث طغیانی کا خطرہ ہے، محکمہ موسمیات
شمال مشرقی بلوچستان ، ڈی جی خان کے پہاڑی ندی نالوں اور زیریں خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کے باعث طغیانی کا خطرہ ہے، محکمہ موسمیات

مزید خبریں
اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی): محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ بدھ کی رات سے 3 اپریل کے دوران شدید/موسلادھار بارشوں کے باعث شمال مشرقی بلوچستان (ژوب،موسی خیل، شیرانی،بارکھان،سبی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی،نصیر آباد،جھل مگسی،قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، مستونگ، قلات، خضدار، لسبیلہ)، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں (ہِل ٹورنٹس) اور زیریں خیبر پختونخوا(کرم، وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لکی مروت، بنوں،کرک، ہنگو، کوہاٹ) کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کے باعث اس دوران کمزور ڈھانچوں (بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، سولر پینلز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، ژالہ باری اور آندھی کے باعث پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علا قوں میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم بلو چستان ، زیریں خیبرپختونخوا ، پنجاب کے مغربی اضلاع ، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اس دوران چند مقامات پر تیز بارش/ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔(کل )جمعرات کوبلوچستان،سندھ،خیبرپختونخوا میں اکژ مقامات پر میں تیز ہواؤں /آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر تیز/موسلادھار بارش (چند مقامات پر ژالہ باری) کی توقع ہے جبکہ شام/رات کے دوران پنجاب ،گلگت بلتستان اور کشمیرمیں چند مقامات پرتیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا تاہم بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی۔سب سے زیادہ بارش پنجاب میں لاہور سٹی 16، لاہور ایئرپورٹ ، قصور 10، خیبر پختونخوا میں پاراچنار 10، سیدو شریف 02، دیر و میر کھانی 01، کشمیر میں گڑھی دوپٹہ میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔بدھ کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت مٹھی ، شہید بینظیر آباداور ٹنڈو جام میں 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔








