پی سی بی نے ڈی پی ورلڈ ویمنز ایشیا کپ اور 20ویں ایشین گیمز کیلئے قومی اسکواڈز کا اعلان کردیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈی پی ورلڈ ویمنز ایشیا کپ اور 20ویں ایشین گیمز کے ویمنز کرکٹ ایونٹ کے لیے 15،15 رکنی قومی اسکواڈز کا اعلان کردیا، فاطمہ ثنا دونوں ایونٹس میں پاکستان ویمنز ٹیم کی قیادت کریں گی۔فاطمہ ثنا ہنڈرڈ میں شرکت کے باعث سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی ٹیم کا حصہ نہیں تھیں تاہم ایشیا کپ اور ایشین گیمز میں دوبارہ …

لاہور۔16اگست (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈی پی ورلڈ ویمنز ایشیا کپ اور 20ویں ایشین گیمز کے ویمنز کرکٹ ایونٹ کے لیے 15،15 رکنی قومی اسکواڈز کا اعلان کردیا، فاطمہ ثنا دونوں ایونٹس میں پاکستان ویمنز ٹیم کی قیادت کریں گی۔فاطمہ ثنا ہنڈرڈ میں شرکت کے باعث سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی ٹیم کا حصہ نہیں تھیں تاہم ایشیا کپ اور ایشین گیمز میں دوبارہ کپتانی سنبھالیں گی۔ پاکستان ویمنز ٹیم کا پری ٹورنامنٹ تربیتی کیمپ 16 سے 25 اگست تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جاری رہے گا۔

ایشیا کپ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ کے تمام 15 میچز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوں گے اور تمام مقابلے پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوں گے۔ آٹھ ٹیموں پر مشتمل ایونٹ میں پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ، چین کے ساتھ رکھا گیا ہے، جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، انڈونیشیا، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔پاکستان ایشیا کپ میں اپنی مہم کا آغاز یکم ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کرے گا، 5 ستمبر کو بھارت سے ٹکراو ہوگا جبکہ 7 ستمبر کو ہانگ کانگ، چین کے خلاف میدان میں اترے گا۔ سیمی فائنلز 10 اور 11 ستمبر جبکہ فائنل 13 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

ایشیا کپ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں فاطمہ ثنا (کپتان)، عائشہ ظفر، ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، گل فیروزہ، مومنہ ریاست، منیبہ علی صدیقی (وکٹ کیپر)، نجیہہ علوی، نشرا سندھو، سعدیہ اقبال، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، طوبہ حسن، امِ ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔ تسمیہ رباب، حمنہ بلال، ماہم انیس اور صدف شمس ریزروز میں ہوں گی۔20ویں ایشین گیمز کا ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ 17 سے 22 ستمبر تک جاپان کے ایچی-ناگویا میں ہوگا۔ پاکستان کو تھائی لینڈ کے ساتھ سیڈ کیا گیا ہے اور قومی ٹیم 17 ستمبر کو کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کے مدمقابل ہوگی۔ دیگر کوارٹر فائنلز میں بھارت کا مقابلہ جاپان، بنگلہ دیش کا چین جبکہ سری لنکا کا ملائیشیا سے ہوگا۔پاکستان کوارٹر فائنل جیتنے کی صورت میں 20 ستمبر کو سیمی فائنل کھیلے گا، جہاں اس کا مقابلہ سری لنکا یا ملائیشیا میں سے کسی ایک ٹیم سے متوقع ہے، جبکہ کانسی اور طلائی تمغوں کے میچز 22 ستمبر کو ہوں گے۔

ایشین گیمز کے تمام میچز ایچی کے کوروگی ایتھلیٹک پارک میں کھیلے جائیں گے۔ایشین گیمز کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، گل فیروزہ، حمنہ بلال، مومنہ ریاست، منیبہ علی صدیقی (وکٹ کیپر)، نشرا سندھو، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، تسمیہ رباب، طوبہ حسن اور امِ ہانی شامل ہیں۔ نٹالیہ پرویز، وحیدہ اختر، سعدیہ اقبال، سیدہ عروب شاہ اور رمین شمیم ریزروز میں شامل ہیں۔فاطمہ ثنا، منیبہ علی صدیقی، شوال ذوالفقار، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، سائرہ جبین، ایمان فاطمہ، ایمان نصیر، امِ ہانی، طوبہ حسن، نشرا سندھو اور مومنہ ریاست دونوں اسکواڈز کا حصہ ہیں۔ ایشیا کپ کے بعد پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات سے جاپان روانہ ہوکر ایشین گیمز میں شرکت کرے گی۔

پاکستان ویمنز ٹیم ایشین گیمز میں اس سے قبل 2010 اور 2014 میں طلائی تمغے جیت چکی ہے، جبکہ 2022 کے ایڈیشن میں قومی ٹیم چوتھی پوزیشن پر رہی تھی۔ دونوں بڑے ایونٹس میں قومی ٹیم کی نظریں ایک بار پھر کامیابی اور عالمی سطح پر اپنی پوزیشن مستحکم کرنے پر مرکوز ہوں گی۔قومی ٹیم کے سپورٹ اسٹاف میں کوچ و مینٹور وہاب ریاض، ٹیم منیجر عائشہ اشعر، اسپن بولنگ کوچ عبدالرحمان، فاسٹ بولنگ کوچ عمید آصف، فیلڈنگ کوچ عبدالمجید، بیٹنگ کوچ عمران فرحت، پرفارمنس اینالسٹ ولید احمد اور دیگر متعلقہ اراکین شامل ہیں۔