"کبھی شملہ پہاڑی نادرا رجسٹریشن سنٹر لاہور میں شہریوں کو طویل قطاروں میں گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا تھا، لیکن غیر معمولی تبدیلی کے بعد اب انہیں تیز تر، زیادہ مؤثر اور باوقار عوامی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔”
شملہ پہاڑی ،لاہور نادرا سنٹر میں تبدیلی کے بعد قطاریں ختم

مزید خبریں
اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):کبھی شملہ پہاڑی نادرا رجسٹریشن سنٹر، لاہورمیں طویل قطاروں میں گھنٹوں انتظار کیا جاتا تھا لیکن ایک غیر معمولی تبدیلی سے شہریوں کو تیز تر، زیادہ موثر اور باوقار عوامی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ڈرامائی تبدیلی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے شملہ پہاڑی میں 24/7 نادرا سینٹر کے غیر اعلانیہ دورے کے دوران دیکھنے میں آئی، جہاں انہوں نے اپ گریڈ شدہ سہولیات اور ہموار آپریشنز کا خود مشاہدہ کرنے کے بعد خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ پہلے لمبی قطاریں مرکز کی شناخت تھیں اب وہاں شہریوں کو آرام دہ اور مکمل ایئر کنڈیشنڈ ماحول میں منٹوں میں خدمات حاصل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ قومی شناختی کارڈ اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے حوالہ سے شہریوں نے انتظار کے اوقات میں نمایاں کمی کی اطلاع دی اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کی بھی تعریف کی ہے۔اپنے دورہ کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے شہریوں سے براہ راست بات چیت کی، رجسٹریشن کے عمل، رسمی کارروائیوں کو مکمل کرنے میں لگنے والے وقت اور درپیش کسی بھی پریشانی کے بارے میں استفسار کیا۔ انہوں نے مختلف سروس کاؤنٹرز کا دورہ بھی کیا، ملازمین سے ملاقاتیں کیں اور ذاتی طور پر آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لیا۔شہریوں نے مثبت تجربات کا اشتراک کیا۔ ایک شہری نے ریمارکس دیے کہ میری باری آنے میں صرف پانچ منٹ لگے اور کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ ایک بزرگ شہری نے عملے کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سارا عمل چند منٹوں میں مکمل ہو گیا۔ ایک اور بزرگ خاتون نے وفاقی وزیر اور نادرا کے عملے کے لیے دعائیں کیں، باعزت سلوک اور بہتر سروس پر اظہار تشکر کیا۔وفاقی وزیر محسن نقوی نے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے دو شہریوں کے خدشات کا بھی فوری طور پر جواب دیا، ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے نادرا ملازمین کو ہدایت کی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مختلف خدمات کے لئے درکار دستاویزات کے سلسلے میں شہریوں کی صحیح رہنمائی کی جائے تاکہ غیر ضروری تاخیر سے بچا جاسکے۔نادرا سینٹر کی کارکردگی کے حوالہ سے شہریوں کی مجموعی رائے بہت زیادہ مثبت تھی، کچھ شہریوں نے شکایت کی کہ سینٹر کے باہر پارکنگ اٹینڈنٹ سرکاری طور پر مقرر کردہ نرخوں سے زیادہ فیس وصول کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ایسے مسائل کو بھی حل کیا جائے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ ریکارڈ تک رسائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ اس عمل کو عوام کے لیے مزید آسان بنایا جا سکے۔تبدیلی کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ میں نے ماضی میں شملہ پہاڑی نادرا سینٹر کا دورہ کیا تھا اور عوامی خدمات میں نمایاں بہتری دیکھ کر خوشی ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مثبت تاثرات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اصلاحات کے ٹھوس نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کا اعتماد اور اطمینان کسی بھی سرکاری ادارے کی کامیابی کا اصل پیمانہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے نادرا کے چیئرمین اور پوری ٹیم کی لگن، محنت اور موثر عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتر کارکردگی کو سراہا۔








