شہادت امام حسین ؓ اُمت مسلمہ کے لیے ایک عظیم درس ہے، وزیراعظم محمدشہباز شریف کا یوم عاشور کے موقع پر پیغام

اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):وزیر اعظم محمدشہباز شریف نےکہا ہے کہ شہادت امام حسین ؓ اُمت مسلمہ کے لیے ایک عظیم درس ہے،ہم سب کو چاہئیے کہ ان کے فلسفہ شہادت کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں اور حق کی سربلندی کے لیے ہر قسم کی آزمائش کا جوانمردی اور اسقامت کے ساتھ مقابلہ کریں، اس وقت ہمارا ملک جس نازک صورتحال سے دوچار ہے، ہمارے لیے اس جذبۂ جواں مردی اور حق گوئی کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔ اس لیے وطن عزیز کو ان مشکلات سے نکالنے کے لیے ہمیں صبر، ہمت اور یکسوئی کا مظاہرہ کرنا ہے۔

پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری یوم عاشورہ 1444/2022ہجری کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ یومِ عاشور حق و باطل کے اس لازوال معرکے کی یاد دلاتا ہے جب سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی قیادت میں جذبۂ ایمانی سے سرشار جماعت نے باطل کی اطاعت سے انکار کیا اور حق کی سربلندی کے لیے اپنے سے بظاہر طاقتور گروہ کے سامنے سینہ سپر ہو گئی اور یوں اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے تا قیامت عزم و ہمت اور بہادری کا استعارہ بن گئی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نو اور دس محرم کے دن اہل بیت اور دیگر جانثار ساتھیوں کے ہمراہ، حضرت امام حسین ؓ نے بے سرو سامانی کے عالم میں ظلم و استبداد پر کاربند قوتوں کو للکارا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دین اسلام کوجلاء بخشی۔ آج اسلام انہی قربانیوں کی بنا پر زندہ ہے اوریہی قربانیاں اہل ایمان کو ابتلاء و آزمائش کی گھڑی میں عزم و ہمت کا حوصلہ دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہادت امام حسین ؓ اُمت مسلمہ کے لیے ایک عظیم درس ہے۔ہم سب کو چاہئیے کہ ان کے فلسفہ شہادت کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں، اور حق کی سربلندی کے لیے ہر قسم کی آزمائش کا جوانمردی اور اسقامت کے ساتھ مقابلہ کریں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ اس وقت ہمارا ملک جس نازک صورتحال سے دوچار ہے، ہمارے لیے اس جذبۂ جوان مردی اور حق گوئی کی اہمیت دو چند ہو جاتی ہے۔ اس لیے وطن عزیز کو ان مشکلات سے نکالنے کے لیے ہمیں صبر، ہمت اور یکسوئی کا مظاہرہ کرنا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اسوہ امام حسین پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ پاکستان اور پاکستانی قوم کو خوشحالی اور ترقی عطا فرمائے۔