لیبیا میں جنگی جرائم کے احتساب کے لیے غیرجانبداری اور دوہرے معیار سے گریز ضروری ہے، پاکستان کا سلامتی کونسل میں مؤقف

لیبیا میں جنگی جرائم کے احتساب کے لیے غیرجانبداری اور دوہرے معیار سے گریز ضروری ہے، پاکستان کا سلامتی کونسل میں مؤقف

اقوام متحدہ ۔19نومبر (اے پی پی):پاکستان نے لیبیا میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے احتساب کے لیے غیرجانبدارانہ تحقیقات کی حمایت کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ بین الاقوامی انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے ملک کی خودمختاری، آزادی، علاقائی سالمیت اور قومی وحدت کا احترام کیا جائے اور احتساب کے عمل میں دوہرے معیار سے گریز کیا جائے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سید حیدر شاہ نے بدھ کو سلامتی کونسل کے اجلاس میں بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کی جانب سے لیبیا میں مبینہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کی تحقیقات پر بحث کے دوران کہا کہ پاکستان روم معاہدے کا فریق نہیں، تاہم سنگین بین الاقوامی جرائم کے قابل اعتماد اور غیرجانبدارانہ احتساب کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی احتساب کے اداروں کی ساکھ کا انحصار ان کی آزادی، غیرجانبداری اور بین الاقوامی قانون کے یکساں اطلاق پر ہے۔ پاکستان لیبیا میں احتساب کے عمل کے سلسلے میں سلامتی کونسل کی قرارداد 1970 (2011) پر عملدرآمد کے لیے آئی سی سی اور متعلقہ لیبیائی حکام کے درمیان تعاون کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے، تاہم اس دوران لیبیا کے عدالتی اداروں اور جائز قومی خدشات کا احترام بھی ضروری ہے۔سفیر حیدر شاہ نے کہا کہ احتساب اور نظام انصاف کو مستحکم بنانے کے لیے مقامی سطح پر ذمہ داری اور ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ پاکستان لیبیا کے عوام کی پائیدار امن، استحکام اور قومی مفاہمت کی خواہشات کے ساتھ کھڑا ہے اور ایسے جامع سیاسی تصفیے کی حمایت کرتا ہے جو طویل عبوری دور کے خاتمے اور قومی اداروں کے اتحاد کا باعث بنے۔

واضح رہے کہ سلامتی کونسل نے 26 فروری 2011 کو لیبیا کی صورتحال کے تناظر میں متفقہ طور پر قرارداد 1970 منظور کی تھی، جس کے تحت بین الاقوامی فوجداری عدالت کو 15 فروری 2011 سے ملک میں پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کا اختیار دیا گیا تھا، حالانکہ لیبیا روم معاہدے کا فریق نہیں ہے۔رواں سال 16 جولائی کو عدالت کے پری ٹرائل چیمبر نے طرابلس کی میتیگا جیل میں مبینہ زیادتیوں کے سلسلے میں سابق جیل عہدیدار خالد محمد علی الہشری کے خلاف قتل، تشدد، ظلم و ستم اور جنسی زیادتی سمیت جنگی جرائم کے 17 الزامات کی توثیق کی تھی۔ ان کا ٹرائل مئی 2027 میں شروع ہونے کا شیڈول ہے۔

اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے بریفنگ دیتے ہوئے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے قائم مقام پراسیکیوٹر مامے مندیائے نیانگ نے بتایا کہ امریکی حکومت کی جانب سے عدالت پر عائد پابندیوں کے باوجود لیبیا میں متاثرین کو انصاف کی فراہمی کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش کار 2014ء سے 2020ء کے دوران مبینہ جرائم اور تارکین وطن کے خلاف زیادتیوں کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں۔قائم مقام پراسیکیوٹر نے لیبیائی حکام، سول سوسائٹی اور بین الاقوامی تفتیش کاروں کے ساتھ تعاون کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود مشترکہ کوششوں سے بین الاقوامی انصاف کے شعبے میں ٹھوس پیش رفت ممکن ہے۔

تاہم انہوں نے عدالت کے ایک اور ملزم اسامہ المصری نجیم کے مبینہ طور پر آزادانہ نقل و حرکت اور حکام سے ملاقاتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے لیبیا سے منسلک انسانی اسمگلنگ، یرغمال بنانے، بھتہ خوری اور جنسی تشدد کے واقعات کی تحقیقات میں ڈچ حکام کے تعاون کا بھی ذکر کیا اور خبردار کیا کہ عدالت کو کمزور کرنے کی کوششیں بالآخر متاثرین کو انصاف کی فراہمی کے امکانات کو نقصان پہنچائیں گی۔

مزید خبریں