ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا ہے کہ شہریوں کو محفوظ اور پراعتماد ڈرائیور بنانے کے لیے صوبہ بھر میں سیکھ کر گاڑی چلانے کے عمل کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
شہریوں کو محفوظ اور پراعتماد ڈرائیور بنانے کیلئے صوبہ بھر میں سیکھ کر گاڑی چلانے کے عمل کو فروغ دیا جا رہا ہے، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب

مزید خبریں
لاہور۔3جون (اے پی پی):ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا ہے کہ شہریوں کو محفوظ اور پراعتماد ڈرائیور بنانے کے لیے صوبہ بھر میں سیکھ کر گاڑی چلانے کے عمل کو فروغ دیا جا رہا ہے۔بدھ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ حادثات کی روک تھام اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لیے ڈرائیونگ سکولز کا قیام ناگزیر ہے۔ صوبے میں ڈرائیونگ سکولز کی تعداد 126 سے بڑھا کر 133 کر دی گئی ہے جبکہ جدید ڈرائیونگ تربیت کے لیے 39 سیمولیٹرز نصب کیے جا چکے ہیں۔ پاکستان میں پہلی بار پولیس جدید سیمولیٹرز کے ذریعے ڈرائیونگ کی تربیت فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال 21 ہزار سے زائد طلبہ کو ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈرائیونگ کی تربیت دی گئی ہے، جن میں 17 ہزار 700 سے زائد مرد اور 3 ہزار 300 سے زائد خواتین شامل ہیں۔ خواتین کو موٹر سائیکل، کار اور کمرشل گاڑیوں کی ڈرائیونگ کی جدید تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ٹرانس جینڈر افراد کو مفت ڈرائیونگ تربیت دی جا رہی ہے۔انہوں نےبتایا کہ تربیت مکمل کرنے والے امیدواروں کو سرٹیفکیٹ اور ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کیے جاتے ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ ملکی سطح پر پہلی بار تعلیمی اداروں کے اندر پولیس ڈرائیونگ سکولز قائم کیے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں مزید تعلیمی اداروں میں ڈرائیونگ سکولز کے قیام پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ شہری باقاعدہ تربیت حاصل کرنے کے بعد ہی گاڑی چلائیں تاکہ سڑکوں پر حادثات میں کمی لائی جا سکے اور محفوظ سفری ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔








