شہریوں کو مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ،ڈپٹی کمشنر ساہیوال

ڈپٹی کمشنرسمیع اللہ فاروق نے کہا ہے کہ شہریوں کو مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام سپیشل پرائس مجسٹریٹس فیلڈ میں اپنی موجودگی مزید مؤثر بنائیں اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھیں

چیچہ وطنی۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرسمیع اللہ فاروق نے کہا ہے کہ شہریوں کو مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام سپیشل پرائس مجسٹریٹس فیلڈ میں اپنی موجودگی مزید مؤثر بنائیں اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھیں تاکہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کا قلع قمع ہو۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے یہاں منٹگمری ہال میں ضلع بھر کے سپیشل پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیاجس میں ضلع بھر میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے کی جانے والی کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ چار روز کے دوران 6 ہزار 407 انسپکشنز کی گئی جس دوران ایک لاکھ 28 ہزار روپے جرمانہ جبکہ 5 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنرسمیع اللہ فاروق نے کہا کہ پرائس کنٹرول کا بنیادی مقصد صرف جرمانے عائد کرنا نہیں بلکہ عوام کو اشیائے ضروریہ کی مناسب نرخوں پر دستیابی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے سپیشل پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا دورہ کریں، سرکاری نرخ ناموں کی نمایاں جگہوں پر موجودگی اور ان پر عملدرآمد یقینی بنائیں جبکہ گرانفروشی کی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ میں پرائس کنٹرول سرگرمیوں کی مثر نگرانی کی جائے اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔