شہری غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں سے ہوشیاراورپلاٹ خریدنے سے قبل اسکی قانونی حیثیت کی تصدیق کرلیں،ڈی جی ایف ڈی اے

141

فیصل آباد ۔ 03 جولائی (اے پی پی):فیصل آباد ترقیاتی ادارہ کے ڈائریکٹر جنرل محمد آصف چوہدری نے عوام الناس کو مطلع کیا ہے کہ وہ غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یا سرمایہ کاری کرنے سے قبل اس قانونی حیثیت کی ضرور تصدیق کرلیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی قسم کی پریشانی یا مشکلات کا سامنا نہ کرناپڑے۔ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس سلسلہ میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے آپریشن کرتے ہوئے گزشتہ روز بھی مختلف علاقوں میں پانچ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش ناکام بنادی جبکہ آپریشن کے دوران ان غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کے غیر قانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کرکے دفاتر کو سربمہر کردیاگیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں انسپکشن کی تو چک نمبر68ج ب کی اراضی پر مون ہاؤسنگ، چک نمبر204 رب اور 208 رب کی اراضی پر مدینہ گرین ویلی، براق ویلی، قمر بلاک اور ماڈل سٹی ایگزیکٹو کے نام سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش کی جارہی تھی جس پرغیر قانونی طور پر تعمیر کی جانیوالی سڑکوں، چار دیواریوں، سیوریج اور دیگر تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کردیا گیا اور دفاتر کو سیل کرکے ڈویلپرز کو تنبیہہ کی گئی ہے کہ وہ قانون شکنی سے اجتناب کریں بصورت دیگر مزید خلاف ورزیوں پر قصور واروں کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سربمہر دفاتر کو ازخود ڈی سیل کرنے پر بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔