شہری کسی بھی ملک کا اصل اثاثہ ہوتے ہیں، شہریوں کی صحت ہماری ترجیح ہے، وفاقی وزیر انسداد منشیات اعظم سواتی کا منشیات سے متعلق بحالی مرکز کے قیام کے حوالے سے اجلاس سے خطاب

اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر انسداد منشیات محمد اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ شہری کسی بھی ملک کا اصل اثاثہ ہوتے ہیں، شہریوں کی صحت ہماری ترجیح ہے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منشیات سے متعلق بحالی مرکز کے قیام کے لئے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں انسداد …

اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر انسداد منشیات محمد اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ شہری کسی بھی ملک کا اصل اثاثہ ہوتے ہیں، شہریوں کی صحت ہماری ترجیح ہے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منشیات سے متعلق بحالی مرکز کے قیام کے لئے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں انسداد منشیات فورس کے سینئر عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر انسداد منشیات اعظم سواتی نے کہا کہ منشیات کا استعمال ایک حقیقی خطرہ ہے جس کے خلاف فوری ردعمل کی ضرورت ہے لہذا معاشرے سے منشیات کے استعمال کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے منشیات بحالی مرکز قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد منشیات فورس اسلام آباد شہر میں منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجہ اور بحالی کے لئے مرکز کھولنے کا ارادہ رکھتی ہے جس کے لئے وزارت صحت کی مدد درکار ہے۔ اعظم سواتی نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ منشیات کے عادی افراد کو بہترین علاج معالجہ کی سہولت مہیاءکی جائیں، اس مقصد کے لئے انہوں نے وزیراعظم سے مطلوبہ وسائل فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہری کسی بھی ملک کا اصل اثاثہ ہوتے ہیں، ان کی صحت ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمک اسلام آباد میں منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجہ اور بحالی مرکز میں صرف 36 بستروں کی گنجائش ہے۔ اسلام آباد شہر میں ایک نئے مرکز کے قیام سے منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے خدمات زیادہ موثر انداز میں مہیاءکرنے میں مدد ملے گی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پمز کے قریب منشیات بحالی مرکز کے لئے اراضی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے منشیات بحالی مرکز کے قیام میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔