شہر میں ٹریفک کی روانی میں بہتری لانے کیلئے کوہاٹ روڈ انڈس ہائی وے سے تجاوزات کے مکمل خاتمے کا فیصلہ

169

 

پشاور۔ 14 جنوری (اے پی پی):کمشنرپشاورڈویژن ریاض خان مسعود نے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک کی روانی میں بہتری لانے کے لئے کوہاٹ روڈ انڈس ہائی وے کو تجاوزات سے مکمل پاک کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔ اس حوالےسے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے ضلعی انتظامیہ، پی ڈی اے، ٹریفک پولیس، ٹی ایم ایز اور پولیس کو مشترکہ آپریشن کے لیے احکامات جاری کئے۔ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت اجلاس میں کوہاٹ روڈ انڈس ہائی وے پر 7 مقامات چونگی چوک بھانہ ماڑی، گھڑی قمر دین پل، کوہاٹ اڈہ، سیفن چوک، سپین جماعت چوک، بڈھ بیر بازار اور متنی چوک کی نشاندہی کی گئی جہاں پر روزانہ مختلف اوقات میں شدید ٹریفک جام معمول بن چکا ہے ۔

کمشنر نے ان مقامات پر تجاوزات کے خلاف فوری اور میگا آپریشن کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کرتے ہوئے فوری عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے ہدایات جاری کیں ۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں ٹریفک جام کے مکمل خاتمے کے لئے شارٹ ٹرم، مڈ ٹرم اور لانگ ٹرم پلان کے تحت فوری اقدامات کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ اہم مقامات پر تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ دیگر ضروری اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے بعد کوہاٹ روڈ انڈس ہائی وے پر ترقیاتی منصوبے بھی شروع کئے جائیں گے۔