لندن ۔ 4 مارچ (اے پی پی) برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم نے کہا ہے کہ ان کے پوتے شہزادہ ہیری مستقبل میں شاہی خاندان میں واپس آتے ہیں تو وہ انہیں کھلے دل سے خوش آمدید کہیں گی۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات انہوں نے ونڈسر کاسٹل میں اپنے پوتے شہزادہ ہیری سے ایک ظہرانے کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ شہزادہ ہیری کو شاہی خاندان میں سب سے زیادہ پیار ملا ہے یہی وجہ ہے کہ اگر وہ اور ان کی اہلیہ مستقبل میں اپنا ارادہ بدلتے ہیں اور شاہی خاندان میں واپس آتے ہیں تو وہ انہیں کھلے دل سے خوش آمدید کہیں گی۔ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل باضابطہ طور پر 31 مارچ کو شاہی خدمات سے دستبردار ہوجائیں گے۔ واضح رہے کہ یہ پہلا ظہرانہ تھا جب ملکہ الزبتھ دوئم اور شہزادہ ہیری کی آمنے سامنے ملاقات ہوئی۔