شہید بینظیر بھٹو ہمیشہ مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتی تھیں، شیری رحمان

اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ آج شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر پیپلز پارٹی کی پوری قیادت گڑھی خدا بخش میں موجود ہے۔ہفتہ کومیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پارٹی قیادت اور کارکنان شہید بینظیر بھٹو کے افکار اور وژن پر کاربند رہنے کے لیے عزم اور حوصلے کی …

اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ آج شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر پیپلز پارٹی کی پوری قیادت گڑھی خدا بخش میں موجود ہے۔ہفتہ کومیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پارٹی قیادت اور کارکنان شہید بینظیر بھٹو کے افکار اور وژن پر کاربند رہنے کے لیے عزم اور حوصلے کی دعا کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر ایک عوامی جلسے کا بھی اہتمام کیا گیا ۔سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو ہمیشہ مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتی تھیں اور پاکستان کو ہر چیز پر مقدم جانتی تھیں۔ قید و بند، دھمکیوں، جلاوطنی اور بے پناہ مشکلات کے باوجود انہوں نے کبھی جمہوری اصولوں سے انحراف نہیں کیا۔انہوں نے ہمیں کبھی ریاست کے کسی ستون پر حملہ کرنا نہیں سکھایا۔شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کے کارکنان نے نہ کبھی اندرونِ ملک اور نہ ہی بیرونِ ملک ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کیا۔

انہوں نے کہا کہ 2022 میں آفات سے متاثرہ خاندانوں کو ان کے گھروں کی ملکیت کے حقوق دیے گئے جو عوامی فلاح و بہبود کے لیے پارٹی کے عزم کا عملی ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی ملکی و قومی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سینیٹر شیری رحمان نے زور دیا کہ جمہوری قوتوں کو مظلوم اور پسماندہ طبقات کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے مشکل حالات میں بھی ثابت قدمی سکھائی اور کبھی ریاست کے خلاف جانے کا راستہ اختیار نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ آج بھی جب وفاق یا قومی وسائل کو کوئی خطرہ لاحق ہوتا ہے تو پاکستان پیپلز پارٹی ڈٹ کر کھڑی ہوتی ہے،بینظیر بھٹو کی وراثت پارٹی کی رہنمائی کرتی ہے کہ ایسی سیاست کی جائے جو عوام کی خدمت کرے اور جمہوریت کو مضبوط بنائے۔

انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شہید بینظیر بھٹو کے وژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔پارٹی قیادت کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ آصف علی زرداری نے چودہ سال قید کاٹی مگر آمریت کے سامنے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو شہید بینظیر بھٹو سے یہ سیکھنا چاہیے کہ عوامی خدمت اور آئین کی بالادستی کے حقیقی جذبے کے ساتھ جمہوری سیاست کیسے کی جاتی ہے۔