شہید ریسکیورز ہمارے ہیرو ہیں ۔ڈاکٹر رضوان نصیر

لاہور۔20دسمبر (اے پی پی):سیکرٹری ایمرجنسی سروسزپاکستان ڈاکٹر رضوان نصیر نے ریسکیو شہدا ڈے کے موقع پرشہید ریسکیو رز کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران شہریوں کی قیمتی جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ 20دسمبر شہدا ریسکیو کے دن کے طور پراس لیے منایا جاتا ہے کہ آج کے دن 20دسمبر2008کو …

لاہور۔20دسمبر (اے پی پی):سیکرٹری ایمرجنسی سروسزپاکستان ڈاکٹر رضوان نصیر نے ریسکیو شہدا ڈے کے موقع پرشہید ریسکیو رز کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران شہریوں کی قیمتی جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

انہوں نے کہا کہ 20دسمبر شہدا ریسکیو کے دن کے طور پراس لیے منایا جاتا ہے کہ آج کے دن 20دسمبر2008کو پاکستان کی تاریخ میں آگ کابہت بڑا سانحہ رونما ہوا جس میں 13فائر فائٹرز نے اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ ان فائر فائٹرز میں 4کا تعلق پنجاب ایمرجنسی سروس راولپنڈی، 6کا تعلق پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کینٹ، 2کا تعلق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایک کا تعلق سٹی ڈسٹرکٹ فائر بریگیڈ راولپنڈی سے تھا۔

ڈاکٹر رضوان نصیر نے فائر فائٹر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں ریسکیورز اور فائر فائٹرز کو قدر کی نگاہ سے اس لیے دیکھا جاتا ہے کہ یہ آگ حادثے و سانحہ کے بے یار و مددگار متاثرین کو بچانے کے لیے اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں ۔ سیکریٹری ایمرجنسی سروسز نے ریسکیو ہیڈ کوارٹرز اور اکیڈمی کے افسران اور ریسکیو رز کے ساتھ مل کرایمرجنسی سروسز ہیڈکوارٹرز میں یاد گار شہدا پر خصوصی دعائیہ تقریب میں شرکت کی اوریادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے کہا کہ شہید ریسکیورز ہمارے ہیرو ہیں جنہوں نے بہادری، خلوص اور اپنے پیشے سے لگن کی مثال قائم کی اور اپنے والدین، ساتھیوں اورپنجاب ایمرجنسی سروس کا سر فخر سے بلند کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہدا کے ساتھی افسران وریسکیورز کو صحت مند، محفوظ اورمستحکم پاکستان کے قیام کے لیے شہدا کے عزم اور لگن کے عمل کی پیروی کرنی چاہیے۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ ریسکیورز اپنے پسینے اور خون سے آگ کے شعلوں سے لڑتے ہوئے ہمیشہ بہادری کی مثال قائم کرتے ہیں۔ اسی مناسبت سے گھکڑ پلازہ کے شہدا کو حکومت پاکستان کی جانب سے بے مثال بہادری ایوارڈز سے نوازا گیا اورپنجاب ایمرجنسی سروس بھی ان کے اہل خانہ کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کرتی ہے۔

ڈاکٹر رضوان نصیر نے اس بات پر زور دیا کہ بلندو بالا عمارتوں کے مالکان عمارتوں میں سیفٹی اقدامات کو یقینی بنائیں جیسا کہ پنجاب کمیونٹی سیفٹی بلڈنگ ریگولیشنز 2022 میں نوٹیفائی کیا گیا ہے، تاکہ ان اونچی عمارتوں میں رہنے والے تمام مکینوں کی زندگیاں محفوظ رہیں اور کسی کو اپنی جان کو خطرے میں نہ ڈالنا پڑے۔

C