شیخوپوره حکومتِ پنجاب نے شہریوں کی جانوں کے تحفظ اور مون سون کے دوران پیش آنے والے حادثات سے بچاؤ کے لیے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
شیخوپوره ،حکومتِ پنجاب نے مون سون کے دوران ممکنہ حادثات سے بچاؤ کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی

مزید خبریں
شیخوپوره۔ 29 جولائی (اے پی پی):شیخوپوره حکومتِ پنجاب نے شہریوں کی جانوں کے تحفظ اور مون سون کے دوران پیش آنے والے حادثات سے بچاؤ کے لیے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
بارش کے باعث گلیوں، محلوں، سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں جمع پانی میں نہانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ دریاؤں، نہروں، ندی نالوں، جھیلوں، تالابوں اور ڈیموں میں نہانا، تیراکی کرنا اور غیر مجاز کشتی رانی بھی مکمل طور پر ممنوع قرار دے دی گئی ہے۔ یہ پابندیاں فوری طور پر نافذالعمل ہوں گی اور آئندہ 60 روز تک برقرار رہیں گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا عدیل تصور نے حکومتِ پنجاب کے احکامات پر ضلع بھر میں دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ مؤثر انداز میں پابندیوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے پانی، دریاؤں، نہروں، ڈیموں، جھیلوں اور تالابوں میں نہانے، تیراکی کرنے یا غیر مجاز کشتی رانی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر رانا عدیل تصور نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو بارش کے جمع پانی، نہروں، دریاؤں اور دیگر خطرناک آبی مقامات سے ہر صورت دور رکھیں اور شہری اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور حکومتِ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر ہر صورت مؤثر اور مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔








