شیخوپورہ ،خوراک سے وابستہ 120 کاروباری مراکز کا معائنہ ، 3 لاکھ 57 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد

اتھارٹی شیخوپورہ کی فوڈ سیفٹی ٹیمیں ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن غلام صابر کی زیرِ نگرانی عوام کو معیاری، محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں متحرک رہیں

شیخوپورہ۔ 23 جولائی (اے پی پی):اتھارٹی شیخوپورہ کی فوڈ سیفٹی ٹیمیں ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن غلام صابر کی زیرِ نگرانی عوام کو معیاری، محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں متحرک رہیں۔ خصوصی مہم کے دوران خوراک سے وابستہ 120 کاروباری مراکز کا معائنہ کیا گیا، جبکہ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی، ناقص صفائی اور فوڈ سیفٹی قوانین کی عدم پاسداری پر مختلف فوڈ بزنس آپریٹرز کو مجموعی طور پر 3 لاکھ 57 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔ کارروائی کے دوران معیاری دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلع کے مختلف علاقوں میں 46 ہزار 430 لیٹر دودھ کی جانچ کی گئی، 186 کلوگرام زائدالمیعاد، غیر معیاری اور ممنوعہ اشیائے خورد و نوش، جن میں مختلف بیکری آئٹمز بھی شامل تھیں، موقع پر تلف کر دی گئیں۔ خوراک کے معیار کی جانچ کے لیے مختلف اشیاء کے نمونے حاصل کرکے تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے گئے، جبکہ متعدد فوڈ پوائنٹس کو بہتری کے لیے اصلاحی نوٹس بھی جاری کیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا عدیل تصور کا کہنا ہے کہ عوام کو معیاری، محفوظ اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی خوراک کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی اور مضرِ صحت، ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری اشیائے خورد و نوش کی تیاری و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خوراک سے وابستہ تمام کاروباری مراکز فوڈ سیفٹی قوانین، حفظانِ صحت کے اصولوں اور مقررہ معیار پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی اپنی نگرانی، معائنوں اور انفورسمنٹ کارروائیوں کا سلسلہ اسی مؤثر انداز میں جاری رکھے گی تاکہ صحت عامہ کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔