شیخ منصور بن زاید کی قیدیوں کیلئے خصوصی رہائش کی پالیسی سے متعلق قرارداد جاری
شیخ منصور بن زاید کا ابوظہبی میں قیدیوں کے لیے خصوصی رہائش سے متعلق ضوابط جاری کرنے کا حکم

مزید خبریں
ابوظہبی ۔24جون (اے پی پی):نائب صدر، نائب وزیراعظم، چیئرمین صدارتی دیوان اور ابوظہبی جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین شیخ منصور بن زاید النہیان نے اصلاحی و بحالی مراکز میں قیدیوں کو خصوصی رہائش فراہم کرنے سے متعلق پالیسی، شرائط اور ضوابط کے تعین کے لیے قرارداد جاری کی ہے۔
اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ قرارداد خطے میں اپنی نوعیت کا ایک منفرد اور پیش رفت پر مبنی ضابطہ جاتی اقدام قرار دی جا رہی ہے، جس کا مقصد انسانی ہمدردی پر مبنی نگہداشت کے اصولوں کو فروغ دینا، قیدیوں کو نفسیاتی اور سماجی معاونت فراہم کرنا اور ان کی موثر بحالی کے لیے ایک جامع نظام قائم کرنا ہے۔قرارداد کے تحت ایک ایسا متوازن بحالی فریم ورک وضع کیا گیا ہے جو قانونی تقاضوں اور حفاظتی ضوابط کو برقرار رکھتے ہوئے مخصوص اقسام کے قیدیوں کے لیے خصوصی اصلاحی ماحول فراہم کرے گا، تاکہ ان کی معاشرے میں دوبارہ موثر شمولیت کو فروغ دیا جا سکے۔یہ اقدام ان مسلسل کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد ایسے قیدیوں کو خصوصی نگہداشت فراہم کرنا ہے جنہیں اضافی اصلاحی اور بحالی معاونت کی ضرورت ہو، تاکہ ان کے نفسیاتی استحکام کو تقویت ملے اور وہ اپنی سزا کے دوران خود کو بہتر بنانے اور مثبت انداز میں بحالی کے عمل سے گزرنے کے مواقع حاصل کر سکیں۔قرارداد کے مطابق یہ سہولت اختیاری بنیادوں پر ان قیدیوں کے لیے دستیاب ہوگی جو معمولی نوعیت کے جرائم اور مالی جرائم میں سزا یافتہ ہوں۔اس کے علاوہ ابوظہبی جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ کی اصلاحی و بحالی پالیسی کمیٹی کے چیئرمین کو یہ اختیار بھی دیا گیا ہے کہ وہ عوامی مفاد کے تقاضوں کے تحت بعض سنگین جرائم میں سزا یافتہ قیدیوں کو بھی اس نظام سے مستثنیٰ قرار دینے کی منظوری دے سکیں۔








