ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایلون مسک نے کہا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ ایک عظیم رہنما ہیں، ان کی قیادت میں چین نے ترقی کے میدان میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور یہ وہ خود اپنی آنکھوں سے دیکھ چکے ہیں
شی جن پنگ کی قیادت میں چین نے ترقی کے میدان میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں، ایلون مسک

مزید خبریں
واشنگٹن۔25ستمبر (اے پی پی):ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایلون مسک نے کہا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ ایک عظیم رہنما ہیں، ان کی قیادت میں چین نے ترقی کے میدان میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور یہ وہ خود اپنی آنکھوں سے دیکھ چکے ہیں۔ چائنا میڈیا گروپ کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگر آپ چین جائیں تو ہر گزرتے سال کے ساتھ نمایاں تبدیلیاں نظر آئیں گی، چینی عوام کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور یہ تمام کامیابیاں صدر شی جن پنگ کی قیادت میں حاصل ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل اور کامیابیاں حاصل کرنے والے رہنما ہیں۔ چین میں ٹیسلا کے کاروبار کا ذکر کرتے ہوئے مسک نے شنگھائی سپر فیکٹری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے پاس مینوفیکچرنگ کی انتہائی مضبوط بنیاد موجود ہے، ٹیسلا کی شنگھائی سپر فیکٹری کی کامیابی چینی ٹیم کی مرہونِ منت ہے، یہ ٹیم باصلاحیت، محنتی اور قابلِ بھروسہ افراد پر مشتمل ہے جبکہ اس کی مصنوعات کا معیار اعلیٰ اور پیداواری کارکردگی انتہائی بلند ہے۔چین کے مصنوعی ذہانت کے بڑے ماڈلز کی تعریف کرتے ہوئے مسک نے کہا کہ مجموعی طور پر یہ انتہائی شاندار ہیں اور فی یونٹ کمپیوٹنگ پاور کے اعتبار سے ان کی کارکردگی تقریباً عالمی سطح پر سرفہرست ہے،تقریباً دو سے تین سال کے عرصے میں چین لیتھوگرافی ٹیکنالوجی اور چپ مینوفیکچرنگ کے ذریعے کمپیوٹنگ پاور کے خلا کو پُر کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔انسان نما روبوٹس کے حوالے سے مسک نے کہا کہ یہ ایک ایسا شعبہ ہے جس میں چین اور امریکہ مل کر عالمی سطح پر رہنمائی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مستقبل کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دور میں ہر فرد اپنا ذاتی روبوٹ رکھ سکے گا، مستقبل کی دنیا میں ایک شخص سینکڑوں، ہزاروں بلکہ دسیوں ہزار جسمانی روبوٹس اور ڈیجیٹل ایجنٹس کو کنٹرول کر سکے گا۔








