شی لیگ کا شاندار آغاز، گولز کی بھرمار اور سنسنی خیز مقابلے

نئے تعمیر شدہ جناح اسٹیڈیم کے فٹسال گراؤنڈز میں ہفتے کی شام رنگا رنگ ماحول اور شائقین کی پُرجوش تالیوں کے درمیان پہلی شی لیگ کا آغاز ہوگیا، جس سے ملک میں لڑکیوں اور خواتین کے فٹبال کے ڈومیسٹک مقابلوں کی بحالی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ پانچ رکنی فارمیٹ میں دو عمر کیٹیگریز کے تحت کھیلی جانے والی ان لیگس میں شی لیگ میں انڈر 23 جبکہ شی لیگ …

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):نئے تعمیر شدہ جناح اسٹیڈیم کے فٹسال گراؤنڈز میں ہفتے کی شام رنگا رنگ ماحول اور شائقین کی پُرجوش تالیوں کے درمیان پہلی شی لیگ کا آغاز ہوگیا، جس سے ملک میں لڑکیوں اور خواتین کے فٹبال کے ڈومیسٹک مقابلوں کی بحالی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ پانچ رکنی فارمیٹ میں دو عمر کیٹیگریز کے تحت کھیلی جانے والی ان لیگس میں شی لیگ میں انڈر 23 جبکہ شی لیگ جونیئرز میں انڈر 14 کھلاڑیاں حصہ لے رہی ہیں۔

ان مقابلوں کا مقصد ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی نشاندہی اور اسے نکھارنا ہے، خصوصاً آئندہ سال ہونے والے فیفا انڈر 15 گرلز ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول جیسے بین الاقوامی یوتھ مقابلوں کے لیے کھلاڑیوں کی تیاری میں مدد دینا۔اسلام آباد مرحلے کے افتتاحی مقابلے میں سنسنی خیز کھیل دیکھنے میں آیا، جہاں جونیئرز کیٹیگری میں مڈفیلڈ ایف سی نے وائبرنٹ ایف سی کو 4 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دی، جبکہ سینئرز کے دوسرے میچ میں فٹبال فیکٹری نے ہنزہ سٹی کو 3 کے مقابلے میں 4 گول سے ہرایا۔ دیگر دو مقابلوں میں یکطرفہ کھیل دیکھنے میں آیا۔

سینئرز کیٹیگری میں اسلام آباد سٹی نے اسٹرائیکرز کو 3 کے مقابلے میں 10 گول سے شکست دی، جبکہ جونیئرز میں اسٹرائیکرز نے بلیو جیز کو 1 کے مقابلے میں 8 گول سے ہرا دیا۔ اسٹرائیکرز کی جانب سے بلیو جیز کے خلاف بڑی کامیابی میں نتالیہ، آمنہ اور جمیما نے دو، دو گول اسکور کیے۔ اس سے قبل مڈفیلڈ اور وائبرنٹ کے درمیان نسبتاً سخت مقابلے میں چار کھلاڑیوں نے دو، دو گول کیے۔ مڈفیلڈ کی زینب اور حیا نے دو، دو گول کیے، جبکہ وائبرنٹ کی عنایہ اور سمر نے بھی دو، دو گول اسکور کیے۔

پاکستان کی بین الاقوامی فٹسال کھلاڑی علینہ اصفہانی نے اسلام آباد سٹی کی جانب سے شاندار کامیابی میں چار گول کیے، جبکہ فاطمہ اور مریم نے دو، دو گول اسکور کیے۔ دوسری جانب فٹبال فیکٹری کی آمینہ نے ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو تین قیمتی پوائنٹس دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

مزید خبریں