وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا عیدالفطر کے موقع پر پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو مبارکباد کا پیغام

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستان سمیت تمام عالم اسلام کو مبارک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صاحب ثروت کے ایثار ومحبت کی عام حالات سے زیادہ ضرورت ہے، ان سب کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں جو مشکلات کا شکار ہیں، اتحادی حکومت کی مسلسل کوشش رہی ہے کہ درپیش معاشی مشکلات کا کم سے کم بوجھ عوام …

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستان سمیت تمام عالم اسلام کو مبارک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صاحب ثروت کے ایثار ومحبت کی عام حالات سے زیادہ ضرورت ہے، ان سب کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں جو مشکلات کا شکار ہیں، اتحادی حکومت کی مسلسل کوشش رہی ہے کہ درپیش معاشی مشکلات کا کم سے کم بوجھ عوام تک پہنچے، ہم ہرممکن حد تک ریلیف عوام تک پہنچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔

عیدالفطر کے موقع پر پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو مبارک باد کے پیغام میں کہا کہ عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستان سمیت تمام عالم اسلام کو مبارک پیش کرتا ہوں، میری دعا ہے کہ یہ مبارک گھڑی ہم سب کی زندگی میں ڈھیروں مسرتیں اور خوشیاں لے کر آئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ رمضان المبارک کے روزوں اور عبادات الہی اللہ سے ہماری زندگی میں صبر، قناعت اور دوسروں کے احساس کا جو جذبہ پیدا ہوا ہے، عیدالفطر اس کے عملی اظہار کا بھی ایک موقع ہے، اپنے اردگرد ضرورت مندوں، محتاجوں، یتیموں اور ناداروں کے ساتھ صلہ رحمی کا مظاہرہ کریں، یہ مشکل دور ہے جس میں صاحب ثروت کے ایثار ومحبت کی عام حالات سے زیادہ ضرورت ہے، ان سب کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں جو مشکلات کے جبر کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کی مسلسل کوشش رہی ہے کہ درپیش معاشی مشکلات کا کم سے کم بوجھ عوام تک پہنچے، ہم ہرممکن حد تک ریلیف عوام تک پہنچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں، میرا ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ان آزمائشوں سے نجات عطا فرمائے گا اور آپ کی زندگیوں میں آسانیاں واپس لوٹیں گی، ان شاءاللہ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم سب کو پاکستان کی بہتری کی تعمیری سوچ، یکسوئی اور مسلسل محنت سے اپنا کھویا ہوا مقام اور منزل تک پہنچنا ہے، جس طرح صیام کے مہینے کے بعد میٹھی عید آتی ہے، ان شاءاللہ ہماری محنت ومشقت ملک وقوم کی زندگی میں معاشی بہتری کی عید لائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم وطنوں سے گزارش ہے کہ عید کے موقع پر سیلاب متاثرین کو نہ بھولیں، انہیں اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے شہدائے وطن کو بھی سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر دے، آمین ۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے فلسطینی اور کشمیری بھائیوں بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے، آمین ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ان کے پیاروں کی جدائی کے غم میں ان سے ہمدردی کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت ، پسماندگان کے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں، آمین ۔