صارفین بجلی کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے فیسکوکاکھلی کچہریوں کاانعقادجاری

111
Fesco
Fesco

فیصل آباد۔ 12 اگست (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹوانجینئرمحمد عامر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں فیسکو ریجن میں صارفین بجلی کے مسائل فوری طور پر ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے دن گیارہ بجے سے دوپہر ایک بجے تک کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔فیسکو کے ترجمان طاہر شیخ نے اے پی پی کو بتایا کہ کھلی کچہریوں میں فیسکو کے اعلیٰ افسران بھی عوام الناس کے بجلی سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے شرکت کر رہے ہیں تاکہ عوام کے مسائل کو باآسانی اور وقت پر مروجہ قونین کے تحت اورمیرٹ پر حل کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ صارفین بجلی کی جانب سے فیسکو کو اس اقدام کو بے حد سراہا جا رہا ہے۔

فیسکو انتظامیہ نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ کھلی کچہریوں میں بھرپورشرکت کریں اور اپنے بجلی سے متعلقہ مسائل کا فوری ازالہ ممکن بنائیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز فیسکو ریجن کے تمام147سب ڈویژنز میں کھلی کچہریوں میں عوام الناس کی طرف سے اووربلنگ، خراب میٹروں کی تبدیلی، بجلی کے انقطاع، خراب ٹرانسفارمرز اور نیو کنکشنز کی کل 1080شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 1064شکایات کا فوری ازالہ کر دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ فیسکو فرسٹ سرکل میں کل 325شکایات میں سے 325کا ازالہ کیا گیا،اسی طرح سیکنڈ سرکل میں 268میں سے 265، جھنگ سرکل میں 72میں سے 71، سرگودھا سرکل میں 149میں سے 149، میانوالی سرکل میں 121میں سے 118جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سرکل میں 145میں سے 136شکایات کا فوری ازالہ کر دیا گیا ہے۔