پنجاب حکومت نے صارفین کے حقوق کے تحفظ اور خریداری سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے کنزیومر پروٹیکشن ایپ متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے آن لائن اپنی شکایات درج کرا سکیں گے
صارفین کے حقوق کے تحفظ اور خریداری سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے کنزیومر پروٹیکشن ایپ متعارف

مزید خبریں
قصور۔ 17 ستمبر (اے پی پی):پنجاب حکومت نے صارفین کے حقوق کے تحفظ اور خریداری سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے کنزیومر پروٹیکشن ایپ متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے آن لائن اپنی شکایات درج کرا سکیں گے۔ سیکرٹری ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل قصور/پرائس کنٹرول مجسٹریٹ درج اول چوہدری محمد اویس نے بتایا کہ یہ ایپ صارفین کو درپیش مختلف مسائل کے حل کے لیے تیار کی گئی ہے۔ اس کے ذریعے قیمتوں کی فہرست آویزاں نہ کرنے، زائد المعیاد یا ناقص اشیاء کی فروخت، خریداری کی رسید جاری نہ کرنے، وارنٹی سے متعلق تنازعات اور ناقص خدمات کے خلاف شکایات آن لائن درج کرائی جا سکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ کنزیومر پروٹیکشن ایپ گوگل پلے اسٹور اور ایپل ایپ اسٹور پر دستیاب ہے، جہاں سے صارفین اسے آسانی سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ ایپ کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کو پنجاب کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے تحت ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا تاکہ شہریوں کو بروقت اور موثر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ چوہدری محمد اویس نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خریداری کے دوران اپنے حقوق سے آگاہ رہیں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں کنزیومر پروٹیکشن ایپ کے ذریعے شکایت درج کروا کر قانونی تحفظ حاصل کریں۔








