صاف، شفاف اور غیر جانبدارنہ انتخابات کے انعقاد میں پریزائیڈنگ افسران کا کردار نہایت اہم ہے، غلام مصطفٰی مغل
صاف، شفاف اور غیر جانبدارنہ انتخابات کے انعقاد میں پریزائیڈنگ افسران کا کردار نہایت اہم ہے، غلام مصطفٰی مغل

مزید خبریں
مظفرآباد ۔22جولائی (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر جسٹس(ر) غلام مصطفٰی مغل نے کہا ہے کہ صاف، شفاف اور غیر جانبدارنہ انتخابات کے انعقاد میں پریزائیڈنگ افسران کا کردار نہایت اہم ہے،صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کے لیے ایک چیلنج ہوتا ہے،پریزائیڈنگ آفیسران ایمانداری اور استقامت کے ساتھ اپنا فرض ادا کریں۔ پریزائیڈنگ آفیسران کے مختلف تربیتی سیشنز سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آئندہ پانچ سال کے لیے جو حکومت منتخب ہو گی وہ آپ کے ہاتھوں سے ہو گی،آپ بحیثیت سرکاری ملازم ریاستی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،اپنا فرض ایسے ادا کریں کہ ہماری کارکردگی پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے،ہماری کوشش ہے کہ ہم لوگوں کے لیے انتخابی عمل کو آسان بنائیں۔چیف الیکشن کمشنر نے عملہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ الیکشن ڈیوٹی کو مذہبی فریضہ سمجھ کر ادا کریں،آپ کے ہاتھوں سے جو نتائج مرتب ہو کر آئیں گے اس پر پوری دنیا یقین کرے گی،آپ کو صرف ریاست کا وفادار ہونا چاہیے،آپ کی کسی سیاسی جماعت یا امیدوار سے کوئی وابستگی نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے آپ اپنا فرض دیانتداری اور ایمانداری سے نبھائیں گے،ہم نےانتخابی عمل کو تین مرحلوں میں تقسیم کیا تاکہ الیکشن کروانے والا اور ووٹر دونوں محفوظ رہیں،آپ کی سکیورٹی کے لیے پاک فوج، پولیس اور دیگر فورسز موجود ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ کوئیک رسپانس فورس بھی بیک اپ پر ہوگی،مختلف عناصر الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں،الیکشن کے نتائج کے لیے پریزائیڈنگ آفیسران کا ابتدائی نتیجہ اہمیت کا حامل ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پریزائیڈنگ آفیسران کو سکیورٹی کی فراہمی الیکشن کمیشن یقینی بنائے گا،پریزائیڈنگ آفیسران بلا خوف وخطر اپنی ڈیوٹی کریں، الیکشن کمیشن آپ کی پشت پر ہے،توقع ہے کہ ہم آئندہ پانچ سال کے لیے ایک بااختیار حکومت بنانے میں کامیاب ہوں گے۔تربیتی سیشن سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری منیر حسین، ریٹرننگ آفیسر سردار غضنفر خان، ریٹرننگ آفیسر آفتاب طارق میر نے بھی خطاب کیا۔سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان، جج الیکشن ٹربیونل لیاقت علی خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔








