پاکستان نے تقریباً 9 سال بعد ایس اینڈ پی گلوبل کی ’بی‘کریڈٹ ریٹنگ دوبارہ حاصل کر لی ، معاشی بحالی پر عالمی اعتماد کا ایک اور اظہار ہے، خرم شہزاد

وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان نے تقریباً 9 سال بعد ایس اینڈ پی گلوبل کی ’بی‘ کریڈٹ ریٹنگ دوبارہ حاصل کر لی ہے جو پاکستان کی معاشی بحالی پر عالمی اعتماد کی عکاسی ہے۔

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان نے تقریباً 9 سال بعد ایس اینڈ پی گلوبل کی ’بی‘ کریڈٹ ریٹنگ دوبارہ حاصل کر لی ہے جو پاکستان کی معاشی بحالی پر عالمی اعتماد کی عکاسی ہے۔ بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں خرم شہزاد نے کہا کہ ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ ‘B-‘ سے بڑھا کر ‘B’ کر دی ہے جس کے بعد پاکستان نے تقریباً نو برس بعد دوبارہ ‘B’ کریڈٹ ریٹنگ حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس آخری مرتبہ 2016-17 میں ’بی‘ کریڈٹ ریٹنگ موجود تھی اور کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری پاکستان کی معاشی بحالی پر عالمی اعتماد کا ایک اور اہم اظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس اینڈ پی گلوبل نے اپنی رپورٹ میں پاکستان کی ادارہ جاتی استعداد میں بہتری، اہم اصلاحات پر عملدرآمد، مالیاتی استحکام کے لیے تیز رفتار اقدامات، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور مجموعی معاشی استحکام کو ریٹنگ میں بہتری کی بنیادی وجوہات قرار دیا ہے۔خرم شہزاد نے کہا کہ ایس اینڈ پی کی جانب سے پاکستان کے لیے مستحکم آئوٹ لک کا برقرار رکھا جانا اس اعتماد کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان میں جاری اصلاحاتی عمل پائیدار معاشی ترقی اور مسلسل مالیاتی نظم و ضبط کو فروغ دے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ استحکام مضبوط ہو رہا ہے، اصلاحات نتائج دے رہی ہیں اور اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے،کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری پاکستان کی معاشی بحالی کی کوششوں کے لیے ایک مثبت اور حوصلہ افزا اشارہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت معیشت کو مستحکم بنانے، بیرونی مالیاتی پوزیشن کو مضبوط کرنے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے اصلاحاتی اقدامات پر عمل پیرا ہے جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

مزید خبریں