رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ صحت مند اور متحرک معاشرے کی تشکیل کے لیے کھیلوں کا فروغ ناگزیر ہے ، نوجوان نسل کو مثبت، تعمیری اور صحت افزا سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کے زیر اہتمام لیاقت باغ سپورٹس کمپلیکس کے سوئمنگ پول میں 45 روزہ سوئمنگ سمر کیمپ …
صحت مند اور متحرک معاشرے کی تشکیل کیلئے کھیلوں کا فروغ ناگزیر ہے،طاہرہ اورنگزیب
راولپنڈی۔10جون (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ صحت مند اور متحرک معاشرے کی تشکیل کے لیے کھیلوں کا فروغ ناگزیر ہے ، نوجوان نسل کو مثبت، تعمیری اور صحت افزا سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کے زیر اہتمام لیاقت باغ سپورٹس کمپلیکس کے سوئمنگ پول میں 45 روزہ سوئمنگ سمر کیمپ 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے فیتہ کاٹ کر کیمپ کا باقاعدہ افتتاح کیا اور مختلف انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ دور میں بچوں اور نوجوانوں کو کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں اور معاشرے کے مفید اور ذمہ دار شہری بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تیراکی نہ صرف ایک بہترین کھیل ہے بلکہ ایک اہم زندگی بچانے والی مہارت بھی ہے جس کا سیکھنا ہر عمر کے افراد کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کی ترغیب دیں تاکہ وہ جسمانی طور پر تندرست، ذہنی طور پر چاق و چوبند اور مثبت طرز زندگی کے حامل بن سکیں۔
انہوں نے ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے سمر کیمپ نوجوانوں کو اپنی تعطیلات تعمیری انداز میں گزارنے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس تربیتی پروگرام کے نتیجے میں نئے ٹیلنٹ سامنے آئیں گے اور راولپنڈی کے نوجوان مستقبل میں قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق 25 جولائی تک جاری رہنے والے اس کیمپ میں 4 سے 18 سال عمر کے بچوں اور بچیوں کو تیراکی کی جدید تربیت فراہم کی جائے گی۔ شرکاء کو ماہر کوچز اور تربیت یافتہ لائف گارڈز کی نگرانی میں تیراکی کی تکنیکی مہارتوں، پانی میں حفاظتی اصولوں اور جسمانی فٹنس سے متعلق تربیت دی جائے گی۔ تقریب میں سپورٹس افسران، کوچز، والدین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے سمر کیمپ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا۔









