محرم الحرام کے دوران عزاداران کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، مہراللہ بادینی

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران سکیورٹی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت، پولیس، ایف سی، متعلقہ محکموں کے افسران، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں اور شیعہ کانفرنس کے عہدیداران نے شرکت کی

کوئٹہ۔ 10 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران سکیورٹی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت، پولیس، ایف سی، متعلقہ محکموں کے افسران، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں اور شیعہ کانفرنس کے عہدیداران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداران کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی اور ساتویں، نویں اور دسویں محرم کے موقع پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی، سڑکوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی اور پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں کیسکو کو بلا تعطل بجلی فراہمی، سوئی سدرن گیس کمپنی کو گیس سپلائی بہتر بنانے جبکہ محکمہ صحت کو ہسپتالوں میں ایمرجنسی، اضافی طبی عملہ، ایمبولینسز اور ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل باہمی رابطے کے تحت جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات کی نگرانی کریں گے جبکہ مچھ، ڈاگاری اور دیگر علاقوں سے آنے والے عزادار قافلوں کو خصوصی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا۔

 

مزید خبریں