اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے پاکستان کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں قومی اسمبلی کی میزبانی میں پارلیمانی اسمبلی برائے اقتصادی تعاون تنظیم (پائیکو) کی دوسری جنرل اسمبلی کانفرنس کا افتتاح کردیا۔ دوروزہ کانفرنس کل (بدھ کو) کو اختتام پذیر ہوگی۔ کانفرنس میں افغانستان، ترکی، ازبکستان، تاجکستان، آذربائیجان، قزاخستان اور کرغزستان کے سپیکر ز اورمندوبین نے شرکت کی، ایران اور ترکمانستان کے سپیکرز نے وڈیو لنک کے ذریعے افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔
کانفرنس کا مرکزی موضوع علاقائی اتحاد کے لئے پارلیمانی شراکت کو فروغ دینا ہے،شرکا ای سی او کے ممبر ممالک کے مابین بین پارلیمانی تعاون پر بڑھانے کے طریقوں پرغورکررہے ہیں ،کانفرنس میں تجارت، سیاحت اور معاشی تعاون کو فروغ دینے کے راستے تلاش کرنے پر غور و غوض ہورہاہے۔ بین الاقوامی اہمیت کی حامل یہ کانفرنس سپیکر اسد قیصر کے خصوصی کوششوں کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔کانفرنس باہمی امن اور خوشحالی کے ایجنڈے کو مستحکم کرنے کے لئے بین پارلیمانی رابطوں پر مرکوز ہے۔
کانفرنس میں خطے میں پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کی راہ میں کووڈ۔ 19 کی وبا کے اثرات پر پینل تبادلہ خیال کرے گا۔ کانفرنس کے دوسرے دن 2 جون کو تجارت اور رابطوں کو بڑھانے، راہداری تجارت کو آسان بنانے پر بحث ہو گی۔جس میں باہمی رابطے کو فروغ دینے ، سیاحت کو ترقی اور غربت کے خاتمے کو زیر غور لایا جائے گا۔ ای سی او ریجن میں سیاحت کو فروغ دینے میں پارلیمنٹ کے کردار پر پینل کی سطح پر بحث ہوگی۔ کانفرنس کی اختتامی تقریب کل ( 2 جون ) کو ہوگی۔