دوحہ۔4نومبر (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دوحہ میں ملاقات کی ۔ صدرِ مملکت نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں سیکرٹری جنرل کی قیادت اور پاکستان کیلئے ان کی مسلسل حمایت کو سراہا اورجموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کے منصفانہ حل اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ ایوانِ صدر کے میڈیا وِنگ سے …
صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی ملاقات، امن کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف

مزید خبریں
دوحہ۔4نومبر (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دوحہ میں ملاقات کی ۔ صدرِ مملکت نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں سیکرٹری جنرل کی قیادت اور پاکستان کیلئے ان کی مسلسل حمایت کو سراہا اورجموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کے منصفانہ حل اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔
ایوانِ صدر کے میڈیا وِنگ سے منگل کو جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے امن کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کی جانب سے پانی کے ہتھیار کے طور پر استعمال کے اقدام پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت کی جانب سے معاہدہ منسوخ کرنے اور دریاؤں میں پانی کے اعداد و شمار روکنے سے پاکستان میں آفات پیدا ہوئیں۔
صدر آصف علی زرداری نے دوحہ پولیٹیکل ڈیکلریشن کو غربت کے خاتمے اور سماجی ترقی کے عالمی عزم کے احیاء کیلئے خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سماجی شمولیت اور معاشی خودمختاری کے فروغ کا کامیاب ماڈل ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان عالمی امن، انصاف اور خوشحالی کے فروغ میں اقوامِ متحدہ کے مرکزی کردار کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ صدرِ مملکت نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور 1967 سے قبل کی سرحدوں پر خودمختار ریاستِ فلسطین کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان کے قطر میں سفیربھی ملاقات میں موجود تھے۔








