صدر آزادکشمیرسردار مسعودخان، راجہ فاروق حیدر خان اور شہر یار خان آفریدی کا نماز عید کے اجتماع سے خطاب

مظفر آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ ہم آزادی کی فضاءمیں عید منا رہے ہیں لیکن لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب ہمارے جسم کا ایک حصہ جنگ کی بھٹی میں جل رہا ہے۔ ایک ایسے ماحول میں جب مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت گری کا بازار گرم ہے اور بچوں، خواتین اور جوانوں کو قربانی …

مظفر آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ ہم آزادی کی فضاءمیں عید منا رہے ہیں لیکن لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب ہمارے جسم کا ایک حصہ جنگ کی بھٹی میں جل رہا ہے۔ ایک ایسے ماحول میں جب مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت گری کا بازار گرم ہے اور بچوں، خواتین اور جوانوں کو قربانی کے جانوروں کی طرح ذبح کیا جا رہا ہے ہم عید کی خوشیاں نہیں منا سکتے۔ مظفرآباد کی مرکزی عید گاہ میں نماز عید سے قبل نمازیوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے تمام تر مظالم اور بدترین فسطائیت کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے عوام جھکے ہیں اور نہ ہی ہار مانی ہے بلکہ وہ پوری جرات اور ہمت کے ساتھ بھارت کی جنگی مشین کے آگے چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ نماز عید کے اجتماع سے وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور پارلیمانی خصوصی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہر یار خان آفریدی نے بھی خطاب کیا۔ صدر آزادکشمیر نے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی کا پارلیمانی وفد کے ہمراہ مظفرآباد میں عید منا کر مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے پر خاص طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی اس جذبہ خیر سگالی کا لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب نہایت مثبت پیغام جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان کی کشمیر کمیٹی ایک قومی فورم ہے جس میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی ہے۔ کشمیر کے حوالے سے پوری پاکستانی قوم کا موقف ایک ہے اور ہم اس اتحاد و اتفاق کو قائم رکھتے ہوئے یہ عہد کرتے ہیں کہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک مقبوضہ کشمیر ظالم اور بے رحم دشمن کے پنجہ استبداد سے آزادی نہ حاصل کر لے۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہم سیاسی، سفارتی اور ابلاغی محاذ پر پوری طرح سر گرم ہیں لیکن ہمارے دین نے ہمیں یہ بھی سکھایا ہے کہ ظلم کے خاتمہ کے لئے مسلمانوں کو ہمیشہ اپنے گھوڑوں کو تیار اور شمشیر کی دھار کو تیز رکھنا چاہیے۔ لہذا ہمیں اس طرف بھی بھرپور توجہ دینا ہو گی۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت سے اٹھنے والا ہندوتوا کا نظریہ ہمارے لئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے کیونکہ اس نظریے کے پرچارک یہ اعلانیہ کہہ رہے ہیں کہ وہ جنوبی ایشیاءکو مسلمانوں سے پاک کریں گے۔ نماز عید کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی جانوں ، ماﺅں ، بہنوں کی عزت و آبرو اور اپنے گھروں اور اولاد کی قربانی دے کر حق ادا کر دیا ہے اور وہ اب ملت اسلامیہ پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اپنی اپنی جماعتیں اور نظریات ہو سکتے ہیں لیکن کشمیر کے مسئلہ پر پوری قوم ایک ہے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے سیاسی اختلافات ایک طرف رکھ کر پانچ اگست کو مظلوم اور ستم رسیدہ کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر کے بھارت کو یہ پیغام دیں کہ پوری ملت اسلامیہ پاکستان کشمیریوں کی پشت پر ہے۔ پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہر یار خان آفریدی نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی تحریک آزادی اور حق خودارادیت کی جدوجہد میں اُن کے ساتھ ہے اور کشمیریوں کی اس مقدس تحریک کی کامیابی کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسفہ حسین اور سنت ابراہیمی پر یقین رکھنے والی پاکستانی قوم کشمیریوں کو ظلم سے نجات دلانے کے لئے قربانی بھی دے گی اور وقت آنے پر بھارت کو سبق بھی سکھائے گی۔ نماز عید کے بعد صدر سردار مسعود خان، وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان اور کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہر یار خان آفریدی کی قیادت میں مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئے ایک ریلی بھی نکالی گئی جبکہ صدر آزادکشمیر، وزیر اعظم اور کشمیر کمیٹی کے وفد نے ممتاز کشمیری رہنماﺅں اور آزادکشمیر کے دو سابق صدور کے ایچ خورشید اور میر واعظ محمد یوسف شاہ کے مزارات پر حاضری دی اور اُن کی قبروں پرپھولوں کی چادریں چڑھائی اور اُن کے ارواح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔