اسلام آباد ۔ 8 جولائی (اے پی پی) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ برہان مظفروانی کا مشن پوری آب و تاب سے جاری و ساری ہے، تحریک آزادی کشمیر اور حق خودارادیت کے حصول کے لئے اس کی شہادت نے مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں میں آزادی کی نئی روح پھونک دی ہے۔یہاں موصول ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق صدر آزاد جموں وکشمیر ٹورنٹو کینیڈا میں برہان وانی کی دوسری برسی کے موقع پر کشمیر کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ برہان کی شہادت سے تحریک آزادی کشمیر کا عٰلم اب مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں نے اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے اور اس حقیقت کا ادراک حال ہی میں جاری ہونے والی اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔