اسلام آباد ۔ 24 دسمبر (اے پی پی) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور آزاد کشمیر کے طلباءو طالبات اس تبدیلی اور انقلاب کےلئے اپنے آپ کو تیار کریں، انٹرنیٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے دنیا کو اس قدر بدل دیا ہے کہ اب کوئی بھی طالب علم آزاد کشمیر میں بیٹھ کر بھی وہ تعلیم حاصل کر سکتا ہے جو آکسفورڈ، کیمبرج اور ہارورڈ یونیورسٹی میں داخلہ لینے والے طلباءکو دی جاتی ہے۔ یہ بات انہوں نے یونیورسٹی آف کوٹلی میں گرلز ہاسٹل کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر دلنواز احمد گردیزی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ تقریب میں جامعہ کے ڈین حضرات، پرنسپل آفیسرز، ڈائریکٹرز، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران ، ایڈمنسٹریٹیو سٹاف اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔