صدر آصف علی زرداری کا میجر عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کو خراجِ عقیدت

179
President Asif Ali Zardari

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے میجر عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کو ان کے یوم شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ جمعرات کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم میجر عزیز بھٹی کی بے مثال قربانی اور بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی نے 1965 کی پاک بھارت جنگ میں دشمن کے سامنے نہایت جواں مردی سے ڈٹ کر قوم کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیا، مادر وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کرنے پر پوری قوم اپنے ہیرو کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی کی لازوال قربانی ہمارے لیے ایک روشن مثال ہے۔ تجدید عہد کرتے ہیں کہ ہم بھی اپنے وطن کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کو تیار رہیں گے۔ صدر مملکت نے میجر عزیز بھٹی شہید کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔