راولپنڈی/اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمعہ کو پاک فضائیہ کے زیر اہتمام نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا دورہ کیا۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دورے کے دوران صدر مملکت کو پارک کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
صدر مملکت کو بتایا گیا کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پاک فضائیہ کے ترقی کے سفر میں اہم سنگ میل ہے ۔ یہ منصوبہ قومی اہمیت کا حامل ہے۔ انہیں آگاہ کیا گیا کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پاکستان میں علم اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کی بنیاد بننے کے لئے تیار ہے۔پارک کا مقصد خلائی، سائبر، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور ایرو اسپیس میں نجی اور پبلک سیکٹر کے اداروں کو جوڑنا ہے۔
صدر مملکت کومزید بتایا گیا کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک دنیا کے بہترین ایرو اسپیس، سائبر اور آئی ٹی کلسٹرز میں سے ایک بننے کے لئے پوری طرح تیار ہے ۔ پارک ابھرتی ٹیکنالوجیز ، تحقیق و تیاری اور اختراعی مراکز کے ساتھ قومی منظر نامے کو بدل دے گا۔پارک سے ملک کو سماجی، اقتصادی، سکیورٹی اور سائنسی طور پر فائدہ ہوگا۔ صدر مملکت نے پاک فضائیہ اور اس کے ہنر مند اہلکاروں کی تعریف کی۔
صدر مملکت نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک میں جدید ترین تکنیکی ماحولیاتی نظام کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے جدید جنگی چیلنجوں سے نمٹنے اور قومی تزویراتی اہمیت کے منصوبے کو بے مثال مدت میں مکمل کرنے پر پاک فضائیہ کی قیادت کے وژن اور فعالیت کو سراہا۔