گلگت بلتستان کے عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی بطور اکثریتی جماعت کامیابی حاصل کرنے پر صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے مبارکباد دی ہے۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی پیپلز پارٹی کو جی بی کے الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد

مزید خبریں
لاہور۔8جون (اے پی پی):گلگت بلتستان کے عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی بطور اکثریتی جماعت کامیابی حاصل کرنے پر صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے مبارکباد دی ہے۔
مرکزی صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو نئی حکومت سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں امید ہے پیپلز پارٹی صوبے میں حکومت بنانے کے بعد عوام کے مسائل کو بطریق احسن حل کرے گی۔ صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدواروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی امیداروں نے بھر پور انتخابی مہم چلائی جس کے لئے وہ داد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ آئی پی پی نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں تیسری بڑی جماعت کے طور پر ووٹ حاصل کیے۔ انہوں نے شمالی علاقہ جات کے عوام کا استحکام پاکستان پارٹی پر بھر پور اعتماد پر شکر یہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام، ووٹرز اور پارٹی ورکرز کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پارٹی کے ووٹ بینک کیلئے دن رات محنت کی۔اپنے پیغام میں صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے یقین دلایا کہ ہماری جماعت صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ صدر استحکام پاکستان پارٹی نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ مستقل بنیادوں پر رابطہ استوار رکھیں گے ۔ ان انتخابات میں وفاقی وزارت کا قلمدان ہونے کے باعث انتخابی مہم میں براہ راست حصہ نہیں لے سکے تاہم صوبے کے مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور ان مشکلات سے نمٹنے کے لئے مستقل رابطے اور مربوط مضبوط منصوبہ بندی کے تحت کام کریں گے۔ صدر آئی پی پی عبد العلیم خان نے ایک بار پھر عوام کا تہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز کی پذیرائی کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ اکثر حلقوں میں آئی پی پی کے امید وار بہت کم ووٹوں کے فرق سے جیت سے پیچھے رہے۔ صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے پارٹی تنظیم کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پارٹی کارکن اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں اور علاقے کی بہتری میں حصہ ڈالتے رہیں۔







