صدر مملکت آصف علی زرداری سے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے نئے تعینات ہونے والے سفیر کی ملاقات

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری سے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے ایوان صدر میں ملاقات کی، صدر مملکت نے شفقت علی خان کو ان کی نئی تعیناتی پر مبارکباد دی اور ان کے وسیع سفارتی تجر بہ کو سراہا۔جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے اعتماد کا اظہار کیا کہ نامزد سفیر …

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری سے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے ایوان صدر میں ملاقات کی، صدر مملکت نے شفقت علی خان کو ان کی نئی تعیناتی پر مبارکباد دی اور ان کے وسیع سفارتی تجر بہ کو سراہا۔جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے اعتماد کا اظہار کیا کہ نامزد سفیر پاکستان کے متحدہ عرب امارات کے ساتھ کثیرالجہتی تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو ملکی خارجہ پالیسی کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تاریخ، ثقافت، عقیدے اور مضبوط عوام سے عوام کے تعلقات پر مبنی گہرے اور پائیدار تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اہم تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہونے کے ناطے متحدہ عرب امارات کی توانائی، انفراسٹرکچر، معدنیات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری دوطرفہ تعاون کو مزید تقویت دے گی۔

صدر مملکت نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کے قیمتی کردار کو اجاگر کیا جو کہ وہاں کی سب سے بڑی غیرملکی کمیونٹیز میں سے ایک ہے اور اسے دونوں برادر ممالک کے درمیان نہ صرف معاشی معاون بلکہ دوستی کا پل بھی قرار دیا۔صدرمملکت نے پاکستان کے لیے متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے میں ان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ سفیر شفقت علی خان پرخلوص انداز میں کام کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچائیں گے۔