صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ملاقات، قومی سلامتی، داخلی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی جس میں قومی سلامتی، داخلی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی جس میں قومی سلامتی، داخلی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایوان صدر کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں ملکی معیشت، آئندہ مالی سال کے بجٹ، گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابات، آزاد کشمیر اور امن و امان کی صورتحال کے علاوہ قومی اہمیت کے امور پر گفتگو کی گئی ۔ بجٹ تجاویز اور عوامی ریلیف سے متعلق بات کرتے ہوئے صدر مملکت نے وفاقی بجٹ میں عوامی فلاح، صوبوں کے حقوق اور معاشی استحکام کو ترجیح دینے پر زور دیا۔ صدر مملکت نے ہدایت کی کہ آنے والے بجٹ میں شرح ترقی اور عوامی فلاح کی سکیموں کو ہم آہنگ کرنے کی پوری کوشش کی جائے ۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر مملکت کو اپنے حالیہ دورہ ایران اور علاقائی سفارتی رابطوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ ملاقات میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل راٹھور، ممبر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، سینیٹر شیری رحمان، ممبر قومی اسمبلی سید نوید قمر، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سینیٹراحد چیمہ بھی شریک تھے۔

مزید خبریں