صدر مملکت آصف علی زرداری کا خیبر پختونخوا میں مختلف آپریشنز کے دوران 13 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

93
President Asif Ali Zardari
President Asif Ali Zardari

اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں مختلف آپریشنز کے دوران 13 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کامیاب کارروائیوں کے دوران 13 خوارج کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔ صدر مملکت نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے پر میجر محمد اویس شہید کو خراج عقیدت پیش کیا اور میجر محمد اویس شہید کی بہادری اور جذبہ حب الوطنی کو سراہا۔

صدر مملکت نے میجر محمد اویس شہید کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیا اور شہید کے لیے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔ صدر مملکت نے ملک سے فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے ساتھ ہے۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔