صدر مملکت آصف علی زرداری کی آذربائیجان کی قیادت اور عوام کو یومِ آزادی پر مبارکباد

صدر مملکت آصف علی زرداری نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، حکومت اور عوام کو یومِ آزادی پر مبارکباد دی ہے۔

اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، حکومت اور عوام کو یومِ آزادی پر مبارکباد دی ہے۔ جمعرات کو ​ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان آزادی حاصل کرنے سے ہی گہرے برادرانہ تعلقات قائم ہیں جن کی اساس ایک مشترکہ عقیدہ، ثقافتی ورثہ اور اقدار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں یہ دوطرفہ تعلقات مضبوط شراکت داری میں بدل چکے ہیں جس کی بنیاد باہمی اعتماد، مفاہمت اور قومی مفادات کے امور پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت ہے۔

​صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کے عوام صدر الہام علیوف کی دوراندیش قیادت میں آذربائیجان کی سماجی و اقتصادی ترقی، یکجہتی اور خوشحالی کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان کثیر الجہتی تعاون بالخصوص دوطرفہ تجارت، توانائی، دفاعی تعاون اور عوامی سطح پر وفود کے تبادلوں میں وسعت لانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

​صدر مملکت نے آذربائیجان کے عوام کے امن اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا