صدر مملکت آصف علی زرداری کی منگولیا کی قیادت کو قومی دن پر مبارکباد

صدر مملکت آصف علی زرداری نے منگولیا کے قومی دن کے موقع پر صدر اوکھناگین کھورلسوکھ، حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہونے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے منگولیا کے صدر اوکھناگین کھورلسوکھ، حکومت اور عوام کو قومی دن پر مبارکباد دی ہے۔

ہفتہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ یہ موقع منگولیا کی تاریخ، ثقافتی ورثے اور عوام کے لازوال جذبے کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے ’’نادام فیسٹیول‘‘ کو جو کشتی رانی، تیر اندازی اور گھڑ دوڑ کے روایتی کھیلوں کے لیے مشہور ہے، منگولیا کی تہذیب اور وہاں کے عوام کے فخر کی علامت قرار دیا۔صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان اور منگولیا کے درمیان باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور علاقائی و کثیر الجہتی فورمز میں تعاون پر مبنی خوشگوار تعلقات ہیں۔ انہوں نے تجارت، زراعت، استعداد کار میں اضافے اور عوامی روابط میں بڑھتے ہوے تعاون کو دونوں ممالک کے تعلقات میں مثبت رجحان کا عکاس قرار دیا۔ ​صدر مملکت نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مستقبل میں یہ باہمی دوستی، دونوں ممالک کے امن، یگانگت اور ترقی کے لیے مشترکہ امنگوں کی رہنمائی میں مضبوط تر ہوگی۔