ڈی جی سپورٹس کی زیر صدارت اجلاس میں سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈیمز کی کارکردگی، کھلاڑیوں کی تربیت، انتظامی امور اور کھیلوں کے فروغ کے لیے آئندہ حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔
ڈی جی سپورٹس کی زیر صدارت سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈیمز کی کارکردگی کے حوالے سے اہم اجلاس کا انعقاد

مزید خبریں
لاہور۔11جولائی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی زیر صدارت سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈیمز میں کوچز کی کارکردگی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب بھر سے سپورٹس کوچز نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمشنر ان لینڈ ریونیو بہزاد انور، ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں2500 کھلاڑیوں کی تربیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ مختلف کھیلوں کے کوچز نے اپنی اپنی اکیڈمیوں میں کھلاڑیوں کی تربیت، کارکردگی اور انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈی جی سپورٹس نے اعلان کیا کہ اگست میں کھلاڑیوں کے درمیان مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ ہزار کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیلنٹ پول تیار کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل کے قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کے لیے مضبوط ٹیم تشکیل دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈیمز کے قیام کے ساتھ ہی آئندہ نیشنل گیمز کی تیاری کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ اگلے سال نیشنل گیمز، پنجاب گیمز اور سیف گیمز بھی منعقد ہوں گے۔ انہوں نے اظہارِ یقین کیا کہ سپورٹس اکیڈیمز سے تربیت حاصل کرنے والے کھلاڑی گولڈ میڈلز جیت کر پنجاب اور پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کھیلوں کی تعداد 19 سے بڑھا کر25 کی جا رہی ہے، جس کے تحت رننگ، فینسنگ، جمناسٹکس، سائیکلنگ اور موئے تھائی کی نئی سپورٹس اکیڈیمز بھی شروع کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اکیڈیمز کے ذریعے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جا رہا ہے جو مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کریں گے۔ اجلاس کے دوران کھلاڑیوں کی تربیت اور کوچز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ ڈی جی سپورٹس پنجاب نے کوچز کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔








