آبادی کی منصوبہ بندی محض اعداد و شمار کا معاملہ نہیں بلکہ سماجی انصاف اور پائیدار ترقی کا اہم تقاضا ہے، بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آبادی کی منصوبہ بندی صرف اعداد و شمار کا معاملہ نہیں بلکہ سماجی انصاف، عوامی فلاح اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے ایک بنیادی ضرورت ہے۔

اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آبادی کی منصوبہ بندی محض اعداد و شمار کا معاملہ نہیں بلکہ سماجی انصاف اور پائیدار ترقی کا اہم تقاضا ہے۔

آبادی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کسی بھی قوم کی حقیقی طاقت صرف اس کی آبادی کی تعداد میں نہیں بلکہ اس بات میں ہوتی ہے کہ وہ قوم اپنے لوگوں کی کتنی بہتر پرورش، تعلیم، تربیت، بااختیار بنانے اور حفاظت کا بندوبست کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسا ملک آبادی میں بے ہنگم اضافے کا متحمل نہیں ہوسکتا، ضروری ہے کہ آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترجیح بنایا جائے اور آبادی کی منصوبہ بندی کے حوالے سے مؤثر، جامع اور عوام دوست حکمتِ عملی اختیار کی جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ معیاری صحت کی سہولیات، بہتر تعلیم، خواتین کو بااختیار بنانااور باعزت روزگار کے مواقع بڑھانا ہوں گے،اس طرح کے اقدام سے پاکستان اپنی بڑھتی ہوئی آبادی کو ایک قیمتی قومی سرمایہ بنا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ہمیشہ اس بات پر یقین رہا ہے کہ انسانوں پر سرمایہ کاری ہی قومی ترقی اور مشترکہ خوشحالی کی مضبوط بنیاد ہے،آبادی کے عالمی دن پر قائدِ عوام بھٹو شہید اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن سے تجدید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی عوام دوست اور جامع پالیسیوں کی ضرورت ہے جن کے فوائد سے کوئی شہری محروم نہ رہے، آج یہ تجدید عزم کریں کہ ہم سب مِل کر ایک بہتر پاکستان تعمیر کریں گے،ایک ایسا پاکستان جہاں ہر فرد کو باوقار زندگی گزارنے اور معاشرے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے مواقع میسر ہوں، ایک ایسا پاکستان جہاں سب کو اپنی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لانے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔