بلوچستان کے کوئلہ کان کنوں کی فلاح و بہبود کے لیے 2019 سے اب تک 26 کروڑ روپے سے زائد کی ویلفیئر گرانٹس جاری کی جا چکی ہیں، جن کا مقصد کان کنوں اور ان کے اہلِ خانہ کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔
بلوچستان کے کوئلہ کان کنوں کو 2019 سے اب تک 26 کروڑ روپے سے زائد ویلفیئر گرانٹس جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):بلوچستان کے کوئلہ کان کنوں اور ان کے اہل خانہ کو 2019 سے 26-2025تک سات سال کے دوران ڈیتھ گرانٹ اور میرج گرانٹ اسکیموں کے تحت 26 کروڑ روپے سے زائد کی ویلفیئر امداد فراہم کی گئی۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق اس عرصے میں مجموعی طور پر 641 کیسز میں مالی معاونت دی گئی،جن میں 307 ڈیتھ گرانٹ اور 334 میرج گرانٹ کے کیسز شامل ہیں۔دستاویزات کے مطابق یہ اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ بلوچستان میں، جہاں کوئلہ کان کنی انتہائی مشکل اور خطرناک پیشہ تصور کیا جاتا ہے، کان کن اور ان کے خاندان اب بھی فلاحی امداد پر نمایاں حد تک انحصار کرتے ہیں۔اعدادوشمار کے مطابق ڈیتھ گرانٹس ویلفیئر امداد کا سب سے بڑا حصہ رہیں، جن کے تحت 307 کیسز میں مجموعی طور پر 17 کروڑ 32 لاکھ 40 ہزار روپے تقسیم کیے گئے۔
مالی سال 20-2019 کے لیے دستاویز میں ڈیتھ گرانٹ کی دو الگ اندراجات موجود ہیں۔ ایک میں 72 کیسز کے لیے 3 کروڑ 60 لاکھ روپے جبکہ دوسرے میں 64 کیسز کے لیے 3 کروڑ 20 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔ اس طرح مجموعی طور پر اس سال 136 کیسز میں 6 کروڑ 80 لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی۔مالی سال 21-2020 میں 29 کیسز میں ایک کروڑ 53 لاکھ روپے کی ڈیتھ گرانٹ دی گئی۔ مالی سال 22-2021 میں یہ تعداد کم ہو کر 25 کیسز رہی، جن میں ایک کروڑ 50 لاکھ روپے تقسیم کیے گئے۔مالی سال 23-2022 میں 27 کیسز کے لیے ایک کروڑ 48 لاکھ روپے جاری کیے گئے، جبکہ مالی سال 24-2023 میں 18 کیسز میں ایک کروڑ 10 لاکھ روپے کی امداد فراہم کی گئی۔مالی سال 25-2024 میں ڈیتھ گرانٹ کے کیسز دوبارہ بڑھ کر 53 ہو گئے، جن کے لیے 3 کروڑ 39 لاکھ 40 ہزار روپے جاری کیے گئے، جبکہ مالی سال 26-2025 میں 19 کیسز میں ایک کروڑ 52 لاکھ روپے تقسیم کیے گئے۔دوسری جانب، سات سال کے دوران میرج گرانٹ اسکیم کے تحت 334 کیسز میں مجموعی طور پر 8 کروڑ 77 لاکھ روپے کی امداد فراہم کی گئی۔مالی سال 20-2019 میں 33 کیسز کے لیے 33 لاکھ روپے جبکہ مالی سال 21-2020 میں 58 کیسز کے لیے 78 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔
مالی سال 22-2021 میں 48 کیسز کے لیے 96 لاکھ روپے تقسیم کیے گئے، جبکہ مالی سال 23-2022 میں 31 کیسز میں 62 لاکھ روپے کی امداد دی گئی۔مالی سال 24-2023 میں میرج گرانٹ کی رقم میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جب 61 کیسز میں 2 کروڑ 36 لاکھ روپے تقسیم کیے گئے۔مالی سال 25-2024 میں میرج گرانٹ کے سب سے زیادہ 70 کیسز سامنے آئے، جن کے لیے 2 کروڑ 40 لاکھ روپے جاری کیے گئے، جبکہ مالی سال 26-2025 میں 33 کیسز کے لیے ایک کروڑ 32 لاکھ روپے فراہم کیے گئے۔دستاویزات کے مطابق مجموعی ویلفیئر ادائیگیوں میں تقریباً دو تہائی حصہ ڈیتھ گرانٹس پر مشتمل تھا، جو کان کنوں کی وفات کے بعد ان کے اہل خانہ کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے دی گئیں۔
باقی حصہ میرج گرانٹس پر مشتمل تھا، جن کا مقصد کان کنوں کے خاندانوں کو شادی بیاہ اور گھریلو اخراجات پورے کرنے میں مدد فراہم کرنا تھا۔دستاویزات کے مطابق بلوچستان کے کوئلہ کان کنوں کے لیے ویلفیئر امداد کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، اگرچہ مختلف برسوں میں امدادی رقوم اور مستفید ہونے والوں کی تعداد میں اتار چڑھاؤ آتا رہا۔اعدادوشمار اس امر کی بھی نشاندہی کرتے ہیں کہ کوئلہ کان کنوں کو درپیش پیشہ ورانہ خطرات کے پیش نظر ان کی حفاظت، نگرانی اور سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔








