بالائی اضلاع میں موجود گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا الرٹ جاری

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے بالائی اضلاع میں موجود گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا الرٹ جاری کر دیا۔ ہفتہ کو پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری انتباہ کے مطابق صوبہ کے بالائی اضلاع میں شدید گرم موسم اور آئندہ ہفتے ہونے والی تیز بارشوں کے باعث تیزی سے گلیشیرز کے پگھلنے کا خدشہ ہے جس کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، فلش فلڈ …

پشاور۔ 11 جولائی (اے پی پی):پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے بالائی اضلاع میں موجود گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا الرٹ جاری کر دیا۔ ہفتہ کو پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری انتباہ کے مطابق صوبہ کے بالائی اضلاع میں شدید گرم موسم اور آئندہ ہفتے ہونے والی تیز بارشوں کے باعث تیزی سے گلیشیرز کے پگھلنے کا خدشہ ہے جس کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، فلش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔اپر و لوئر چترال، سوات، بحرین، اپر دیر، کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کے لئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے حساس گلیشیائی علاقوں میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اور مسلسل نگرانی، ریسکیو اداروں، مشینری اور ہنگامی عملے کو ہر وقت تیار رکھنے، خطرے سے دوچار آبادی کو بروقت آگاہ کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دریا، ندی نالوں اور گلیشیائی علاقوں سے دور رہیں۔ عوام بارشوں کے دوران برساتی ندی نالوں اور تیز بہاؤ والے پانی سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1700 پر اطلاع دیں۔