ٹریفک پولیس پنجاب نے صوبہ بھر میں جعلی، غیر نمونہ اور فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب بھر میں جعلی اور فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائیاں تیز

مزید خبریں
لاہور۔11جولائی (اے پی پی):ٹریفک پولیس پنجاب نے صوبہ بھر میں جعلی، غیر نمونہ اور فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کے احکامات پر کمرشل اور نان کمرشل سمیت ہر قسم کی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چیکنگ کا عمل جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق رواں سال صوبہ بھر میں غیر نمونہ اور فینسی نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر ایک لاکھ75 ہزار سے زائد کارروائیاں کی جا چکی ہیں، جبکہ لاہور میں جعلی، غیر نمونہ اور فینسی نمبر پلیٹس لگانے پر42 ہزار سے زائد کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ ڈی آئی جی نے واضح کیا کہ نمبر پلیٹس میں چھیڑ چھاڑ یا رد و بدل قانونا جرم ہے۔ غیر نمونہ اور فینسی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بند کیا جائے، جبکہ ٹریفک ون ایپ کے ذریعے جعلی نمبر پلیٹس لگانے والوں کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو ہدایت کی کہ موثر حکمت عملی کے تحت کارروائیوں کو مزید نتیجہ خیز بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نمبر پلیٹ گاڑی کی پہچان ہے اور گاڑی کی شناخت چھپانا قانونا جرم ہے۔ محمد وقاص نذیر نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جعلی اور غیر قانونی نمبر پلیٹس لگا کر اپنا مستقبل تاریک نہ کریں اور محکمہ ایکسائز کی ہدایات کے مطابق مقررہ نمبر پلیٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔








