بھارتی حکومت کشمیری سیاسی رہنماؤں، کارکنوں، صحافیوں، انسانی حقوق کے محافظوں اور سول سوسائٹی کے ارکان کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، حریت کانفرنس

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان نے اقوامِ متحدہ، او آئی سی اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھارتی جیلوں میں قید کشمیری سیاسی نظربندوں کی حالتِ زار اور ان کے ساتھ مبینہ غیر انسانی سلوک کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان نے اقوامِ متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کی توجہ بھارتی جیلوں میں قید ہزاروں کشمیری سیاسی نظربندوں کی ابتر حالتِ زار اور ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی جانب مبذول کرائی ہے۔

یہاں جاری بیان کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماؤں شیخ عبدالمتین، محمد اشرف ڈار اور میاں مظفر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت کشمیری سیاسی رہنماؤں، کارکنوں، صحافیوں، انسانی حقوق کے محافظوں اور سول سوسائٹی کے ارکان کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان نظربندوں کو پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون جیسے سخت اور متنازع قوانین کے تحت گرفتار کرکے برسوں سے مختلف بھارتی جیلوں میں قید رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، میاں عبدالقیوم، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر حمید فیاض، نعیم احمد خان، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، ایاز محمد اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار، مشتاق الاسلام، بلال صدیقی، مولوی بشیر عرفانی، نور محمد فیاض، حیات احمد بٹ، فیاض حسین جعفری، شوکت حکیم، ظفر اکبر بٹ، ایڈووکیٹ زاہد علی، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، رفیق احمد گنائی، عمر عادل ڈار، سلیم ننہ جی، محمد یاسین بٹ، فاروق احمد توحیدی، غلام محمد خان سوپوری، ممتاز انسانی حقوق کے کارکن خرم پرویز، صحافی عرفان معراج سمیت ہزاروں کشمیری مختلف بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔رہنماؤں نے کہا کہ بھارت انسدادِ دہشت گردی کے نام نہاد قوانین اور عدالتی نظام کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے تنازعۂ جموں و کشمیر کے پرامن حل کی حمایت کرنے والی آوازوں کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری نظربندوں کو منصفانہ قانونی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے اور انہیں طویل عرصے تک بلاجواز قید میں رکھ کر بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ حریت رہنماؤں نے اقوامِ متحدہ، او آئی سی، عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی جیلوں میں قید کشمیری سیاسی نظربندوں کی فوری رہائی، ان کے بنیادی انسانی و قانونی حقوق کے تحفظ اور جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کے لیے موثر اور فوری اقدامات کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ کشمیری نظربندوں کو عدالتی دہشت گردی سے بچانے کے لیے بین الاقوامی مداخلت وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مزید خبریں