مظفرگڑھ میں دو روزہ مینگو فیسٹیول کا آغاز،ترجمان ضلعی انتظامیہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت مظفرگڑھ کے فیاض پارک میں دو روزہ مینگو فیسٹیول کا آغاز ہوگیا، جہاں آم کی مختلف اقسام، ثقافتی سرگرمیوں اور مقامی پیداوار کی نمائش کی جا رہی ہے۔

مظفرگڑھ۔ 11 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کی ہدایات کے مطابق فیاض پارک میں گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی دو روزہ شاندار مینگو فیسٹیول آج شروع ہو گیا ہے۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق مینگو فیسٹیول میں مظفرگڑھ سمیت جنوبی پنجاب میں پائی جانے والی آموں کی بہترین اور اعلیٰ اقسام کی نمائش کی جائے گی اور شہریوں کے لیے ایک بہترین تفریحی ماحول فراہم کیا جائے گا۔ اس نمائش کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں آموں کی مختلف اقسام کے ساتھ ساتھ جنوبی پنجاب کی بڑی پیسٹیسائڈز کمپنیوں کے اسٹالز بھی لگائے جا رہے ہیں جہاں کاشتکاروں کو آم کی پروسیسنگ، پالشنگ، پینلنگ اور اسے بیرون ملک برآمد کرنے کے حوالے سے خصوصی رہنمائی اور آگاہی فراہم کی جائے گی تاکہ زمیندار اس سے بھرپور منافع حاصل کر سکیں جبکہ حکومت کے دیگر متعلقہ محکموں کو بھی اسٹالز لگانے کی اجازت دی گئی ہے۔فیسٹیول کو مزید یادگار بنانے کے لیے ہفتے کی شام جنوبی پنجاب کے نامور شعراء پر مشتمل ایک شاندار مشاعرے کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ اتوار کی رات کو ایک میوزیکل نائٹ کا انعقاد ہوگا اور یہ فیسٹیول مظفرگڑھ اور گردونواح کے عوام کےلئے بہترین تفریح ثابت ہوگا اس لیے عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ فیسٹیول میں بھرپور شرکت کریں اور آموں کی اس خوبصورت نمائش سے لطف اندوز ہوں