صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 142ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام

اسلام آباد ۔ 25 دسمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بانی پاکستان کے ''ایمان، اتحاد، تنظیم'' کے سنہری اصولوں کی پیروی کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم معاشرہ سے انتہاء پسندی، دہشت گردی اور بدعنوانی کی لعنتوں سے نجات کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرے اور اس عزم کی تجدید کی جائے کہ ہم قائداعظم کے وژن کی روشنی میں …

اسلام آباد ۔ 25 دسمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بانی پاکستان کے ”ایمان، اتحاد، تنظیم” کے سنہری اصولوں کی پیروی کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم معاشرہ سے انتہاء پسندی، دہشت گردی اور بدعنوانی کی لعنتوں سے نجات کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرے اور اس عزم کی تجدید کی جائے کہ ہم قائداعظم کے وژن کی روشنی میں مادر وطن کی خدمت کیلئے انفرادی اور اجتماعی طور پر انتھک محنت کریں گے۔ انہوں نے یہ بات بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 142ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کیلئے خوشی اور جمہوریت، روشن خیالی، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے اعلیٰ تصورات سے اپنی وابستگی کے اعادہ کا موقع ہے جنہیں ہمارے عظیم رہنماء نے اپنی پوری زندگی مقدم رکھا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ناموافق حالات میں برصغیر کے مسلمانوں کو متحد اور ایک قوم کی حیثیت سے یکجا کیا اور ان کیلئے ایک الگ اور خود مختار وطن حاصل کیا جہاں وہ اپنی روایات اور رسم و رواج کے مطابق زندگی بسر کر سکیں۔ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کی انتہائی پرآشوب دور میں رہنمائی کی اور انہیں نہایت نامساعد حالات کے سامنے سینہ سپر ہونے اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے آزادی حاصل کرنے کے قابل بنایا۔ صدر نے کہا کہ قائداعظم کی بصیرت اور تصورات سات دہائیاں گزرنے کے باوجود آج بھی برمحل ہیں، ہمیں ان کے ”ایمان، اتحاد، تنظیم” کے اصولوں کی پیروی کرنے کی ضرورت ہے، اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمارا وطن بابائے قوم کے تصورات کی روشنی میں ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے عظیم رہنما کو یاد کرتے ہوئے نہ صرف انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں بلکہ ان کی تعلیمات پر اپنے یقین کی تجدید بھی کر رہے ہیں۔ صدر مملکت نے پاکستان کے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے معاشرہ سے انتہاء پسندی، دہشت گردی اور بدعنوانی کی لعنتوں سے چھٹکارا کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی چاہئے کہ ہم اپنے قائداعظم کے وژن کی روشنی میں اپنے عظیم ملک کی خدمت کیلئے انفرادی اور اجتماعی طور پر انتھک محنت کریں گے۔